پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کم، خام تیل کی قیمتیں بلند ترین سطح پر

لندن (پی پی اے) امریکا اور ایران کے درمیان مسلسل تیسرے روز جاری فوجی کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں ایک ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں جبکہ آبنائے ہرمز سے تجارتی جہازوں کی آمدورفت میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق بین الاقوامی معیار برینٹ خام تیل کی قیمت میں منگل کو تقریباً 2 فیصد اضافہ ہوا جبکہ گزشتہ روز اس میں 9.6 فیصد کا بڑا اضافہ دیکھا گیا ستمبر کے لیے برینٹ خام تیل کے سودے 84.91 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئے جو ایک ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ماہرین کے مطابق گزشتہ ماہ امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد قیمتوں میں کمی آئی تھی تاہم حالیہ فوجی کارروائیوں کے باعث برینٹ خام تیل کی قیمت جنگ سے قبل کے مقابلے میں تقریباً 17 فیصد بڑھ چکی ہے۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر کشیدگی برقرار رہی اور تیل کی سپلائی متاثر ہوئی تو خام تیل کی قیمت 100 ڈالر فی بیرل تک پہنچ سکتی ہے جہازوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے والے اداروں کے مطابق آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں کی تعداد گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں 50 فیصد سے زیادہ کم ہو گئی ہے جس سے عالمی توانائی کی ترسیل اور تجارت کے حوالے سے خدشات بڑھ گئے ہیں امریکی محکمہ توانائی کے مطابق امریکی فوج کی معاونت سے تیل کی ترسیل جاری ہے تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر موجودہ کشیدگی برقرار رہی تو عالمی معیشت توانائی کی قیمتوں اور بین الاقوامی تجارت پر اس کے سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.