ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی گلوبل ہندو ایوارڈ 2026 حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے
اسلام آباد (پی پی اے) رمیش کمار وانکوانی، جو پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی ہیں، کو کینیڈا کے شہر کیلگری، صوبہ البرٹا میں منعقدہ دھنتیرس گالا 2026 میں گلوبل ہندو ایوارڈ 2026 سے نوازا گیا۔
جاری پریس ریلیز کے مطابق ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔ انہیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں یہ بین الاقوامی ایوارڈ دیا گیا۔
تقریب میں کینیڈا بھر سے سیاسی رہنماؤں سفارت کاروں کاروباری شخصیات کمیونٹی نمائندوں اور دیگر معزز مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر مارک کارنی نے ہندو برادری کی سماجی، ثقافتی اور معاشی خدمات کو سراہا، جبکہ ڈینیل سمتھ، پیئر پوئیلیور اور دیگر رہنماؤں نے بھی ہندو کمیونٹی کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا. ایوارڈ وصول کرنے کے بعد اپنے خطاب میں ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی نے یہ اعزاز پاکستان کی ہندو برادری اور ان تمام افراد کے نام منسوب کیا جنہوں نے خدمتِ انسانیت کے مشن میں ان کا ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اعزاز صرف ان کی ذات کا نہیں بلکہ پاکستان کی ہندو برادری کی امن پسندی مثبت کردار اور قومی خدمات کا اعتراف ہے انہوں نے بتایا کہ پاکستان ہندو کونسل کے تحت تعلیم صحت ہنرمندی یتیموں خصوصی بچوں بزرگوں اور دیگر مستحق طبقات کی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اسلام کوٹ تھرپارکر میں زیر تعمیر 150 ایکڑ پر مشتمل ماڈل فلاحی بستی "پریم نگر، دی لینڈ آف لو” کا بھی ذکر کیا ڈاکٹر وانکوانی نے کہا کہ موجودہ پاکستان کی سرزمین قدیم ہندو تہذیب اور روحانی ورثے کا اہم مرکز رہی ہے، جہاں ہندو مذہب کے متعدد مقدس مقامات موجود ہیں انہوں نے دنیا بھر سے ہندو یاتریوں کو ہنگلاج ماتا مندر، کٹاس راج مندر، ٹیری مندر اور پرہلاد مندر سمیت دیگر مقدس مقامات کی یاترا کی دعوت دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور باہمی احترام کو مزید فروغ ملے گا۔ تقریب کے اختتام پر انہوں نے کینیڈین ہندو چیمبر آف کامرس کو دھنتیرس گالا 2026 کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد بھی پیش کی