سپیس ایکس راکٹ چاند سے ٹکرایا، سائنسدانوں کو نادر تحقیقی موقع ملا فالکن 9 کے تصادم سے بننے والا گڑھا مستقبل کے قمری مشنوں میں معاون ثابت ہوگا
واشنگٹن (پی پی اے) امریکی کمپنی سپیس ایکس کے تقریباً چار ہزار کلوگرام وزنی فالکن 9 راکٹ کے خالی بالائی حصے کے چاند کی سطح سے ٹکرانے نے سائنسدانوں کو ایک منفرد تحقیقی موقع فراہم کر دیا ہے، جس سے مستقبل کے قمری مشنوں لینڈرز اور خلائی اڈوں کی منصوبہ بندی میں اہم مدد ملنے کی توقع ہے ماہرین کے مطابق راکٹ تقریباً 8 ہزار 700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چاند کی سطح پر آئنسٹائن کریٹر کے قریب گرا جس سے ایک بڑا گڑھا وجود میں آیا۔ امریکی سائنسدان اس تصادم سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کا تفصیلی تجزیہ کر رہے ہیں جس کے مکمل نتائج سامنے آنے میں کئی دن یا ہفتے لگ سکتے ہیں. فالکن 9 راکٹ گزشتہ سال جنوری میں فلوریڈا سے دو قمری لینڈرز لے کر روانہ ہوا تھا مشن مکمل ہونے کے بعد اس کا بالائی حصہ خلا میں گردش کرتا رہا جہاں زمین چاند سورج کی کششِ ثقل اور شمسی شعاعوں کے معمولی اثرات نے بالآخر اسے چاند کی جانب دھکیل دیا۔ راکٹ بدھ کو تقریباً 11 بج کر 5 منٹ پر چاند سے ٹکرایا تاہم تصادم سے پیدا ہونے والی روشنی انتہائی مدھم ہونے کے باعث نہ تو دوربینوں سے دیکھی جا سکی اور نہ ہی شوقیہ ماہرین فلکیات اسے دیکھ سکے چاند کے گرد موجود خلائی جہاز بھی اس لمحے درست مقام پر موجود نہیں تھے جنوبی کوریا کے دانوری آربیٹر نے حادثے کے مقام کے قریب سے گزرنے کے باعث ممکنہ مشاہدات کیے ہیں جبکہ ناسا کا لونر ریکونیسنس آربیٹر آئندہ دنوں میں اس مقام کی تصاویر حاصل کرے گا تاکہ تصادم سے پہلے اور بعد کی صورتحال کا موازنہ کیا جا سکے ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ راکٹ کے حجم رفتار اور مقام کا درست ریکارڈ موجود ہے اس لیے یہ واقعہ شہابِ ثاقب کے تصادم گڑھوں کی تشکیل گردوغبار کے پھیلاؤ اور چاند کی اندرونی ساخت کو سمجھنے کے لیے ایک نادر سائنسی تجربہ بن گیا ہے. سائنسدانوں کے مطابق اس تحقیق سے مستقبل کے قمری لینڈرز، مستقل اڈوں اور خلائی مشنوں کو زیادہ محفوظ بنانے میں مدد ملے گی، جبکہ چاند کی ارضیاتی تاریخ اور زمین و چاند کے تقریباً ساڑھے چار ارب سال پرانے ارتقائی عمل کو سمجھنے میں بھی نئی معلومات حاصل ہوں گی. ماہرین نے یاد دلایا کہ 1959 سے اب تک درجنوں انسانی ساختہ خلائی اجسام چاند سے ٹکرا چکے ہیں تاہم فالکن 9 کا یہ واقعہ جدید خلائی تحقیق کے لیے ایک اہم سنگِ میل تصور کیا جا رہا ہے