پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

پاکستانی آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن اور کاروباری نیٹ ورک وسعت میں تعاون کیلئے تیار ہیں گن وور حکام

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ سے سوئٹزرلینڈ میں قائم عالمی توانائی تجارتی کمپنی گن وور گروپ کے اعلیٰ حکام پر مشتمل وفد نے ملاقات کی جس میں پاکستان کے توانائی اور پٹرولیم شعبوں میں تعاون کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گن وور گروپ کے وفد نے حکومت کی جانب سے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی مجوزہ پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے پٹرولیم مارکیٹ میں صحت مند مسابقت کارکردگی اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ وفد نے پاکستان کی آئل ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن میں تعاون اور ملک میں اپنے کاروباری نیٹ ورک کو مزید وسعت دینے میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا. وفد میں گلوبل ہیڈ آف پورٹ فولیو شاہب ریچیل کارپوریٹ افیئرز ڈائریکٹر سیٹھ تھامس پیٹراس اور ہیڈ آف کارپوریٹ افیئرز کاشف میو شامل تھے ملاقات کے دوران احد چیمہ نے ملک کی آئل ریفائنریوں کو اپ گریڈ اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے حکومت کی کوششوں سے آگاہ کیا انہوں نے کہا کہ حکومت پٹرولیم شعبے کو مضبوط بنانے، اس کی کارکردگی اور مسابقتی صلاحیت بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے گن وور گروپ کے حکام نے ریفائنریوں کی اپ گریڈیشن میں حکومت کی معاونت اور مزید تعاون کے امکانات تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی وفاقی وزیر نے تیل کی قیمتوں کو ڈی ریگولیٹ کرنے کی مجوزہ پالیسی کو پٹرولیم مارکیٹ میں اصلاحات کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ کابینہ جلد اس پالیسی کی منظوری دے سکتی ہے، جس سے زیادہ مسابقتی اور مؤثر پٹرولیم مارکیٹ کی راہ ہموار ہوگی۔ گن وور گروپ کے حکام نے مجوزہ ڈی ریگولیشن اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے درمیان صحت مند مسابقت بڑھے گی اور شعبے کی کارکردگی میں بہتری آئے گی. احد چیمہ نے وفد کو پاکستان اسٹیٹ آئل میں جاری اصلاحاتی عمل سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ ملک کی سب سے بڑی سرکاری آئل مارکیٹنگ کمپنی کو ادارہ جاتی اور انتظامی اصلاحات کے ذریعے مزید مضبوط بنانا ضروری ہے. گن وور حکام نے حالیہ خلیجی بحران کے دوران ملک میں ایندھن کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے حکومت پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل بین الاقوامی صورتحال کے باوجود ملک میں ایندھن کی وافر دستیابی برقرار رہی جو حکومت کے مؤثر سپلائی چین انتظام کی عکاسی کرتی ہے۔ احد چیمہ نے کہا کہ بحران کے دوران ایندھن کی مسلسل فراہمی اور قیمتوں کو مستحکم رکھنا ایک مشکل چیلنج تھا تاہم حکومت نے اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر بروقت اقدامات کیے، جس کے نتیجے میں ایندھن کی فراہمی کا تسلسل برقرار رہا اور صارفین کو ممکنہ خلل سے محفوظ رکھا گیا گن وور گروپ کے حکام نے بتایا کہ پارکو گن وور لمیٹڈ پاکستان میں اپنے کاروبار اور نیٹ ورک کو وسعت دے رہی ہے وفاقی وزیر نے توسیعی منصوبوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے یقین دلایا کہ حکومت جائز کاروباری اور سرمایہ کاری سرگرمیوں کو سہولت فراہم کرنے اور سرمایہ کاروں و بین الاقوامی کمپنیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے پرعزم ہے وفاقی وزیر نے پٹرولیم شعبے کی نگرانی اور ضابطہ کاری میں اوگرا کے اہم کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت توانائی کی مارکیٹ میں شفافیت کارکردگی مسابقت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے ملاقات میں ریفائنریوں کی جدید کاری پٹرولیم شعبے میں اصلاحات مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے اور مسلسل رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا جس کا مقصد پاکستان کی توانائی سلامتی اور معاشی ترقی کو مزید مستحکم کرنا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.