ڈیجیٹل تبدیلی مالیاتی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے میں معاون، وزیر خزانہ حکومت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے مالیاتی نظام اور معاشی سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنائے گی
اسلام آباد ( پی پی اے) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے چیئرپرسن پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی ڈاکٹر سہیل منیر نے ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل تبدیلی ڈیجیٹل فنانس مالیاتی سہولیات تک رسائی میں بہتری اور معاشی سرگرمیوں میں ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے متعلق اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات میں وزیر خزانہ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ قانونی اور پالیسی فریم ورک کو ڈیجیٹل ٹیکنالوجی میں تیز رفتار پیش رفت اور کاروباری ماڈلز میں آنے والی تبدیلیوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے ایسے معاون فریم ورک کی ضرورت پر بھی زور دیا جو الیکٹرانک لین دین کو مؤثر طور پر تسلیم کرے اور تجارت و مالیاتی سرگرمیوں میں ڈیجیٹل طریقہ کار کے وسیع استعمال کی حوصلہ افزائی کرے ملاقات میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے مالیاتی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے کے مواقع کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ نے صارفین کے اندراج کے عمل کو آسان بنانے، ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کو مضبوط کرنے اور مالیاتی ڈیٹا کی باہمی مطابقت بہتر بنانے کی اہمیت کو اجاگر کیا بینکوں اور کیپیٹل مارکیٹ کے درمیان مؤثر انضمام، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذریعے کیپیٹل مارکیٹ میں عوام کی وسیع شرکت اور اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانے کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا وزیر خزانہ نے پالیسی سازی، منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کے لیے مربوط ڈیٹا کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال پر زور دیا اجلاس میں ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا سینیٹر محمد اورنگزیب اور چیئرپرسن پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی نے ڈیجیٹل اثاثوں اور ٹوکنائزیشن کے امور پر بھی گفتگو کی جن میں جائیداد اور دیگر سرمایہ کاری کے اثاثوں میں ممکنہ استعمال شامل ہے اس حوالے سے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ذمہ دارانہ استعمال کے لیے مناسب قانونی و پالیسی فریم ورک کی اہمیت پر زور دیا گیا وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کے جاری اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے عملی اور مؤثر منصوبوں پر توجہ مرکوز کی جائے جو معاشی کارکردگی میں بہتری مالیاتی سہولیات تک رسائی میں آسانی اور ملکی معیشت میں ڈیجیٹل صلاحیتوں کے فروغ میں معاون ثابت ہوں انہوں نے ڈیجیٹل اقدامات کو آگے بڑھانے کارکردگی بہتر بنانے اور پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی مسلسل ترقی کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مؤثر اور مسلسل رابطہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا