پاکستان انڈر 19 نے بنگلہ دیش کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی
رضوان اللہ کی پانچ وکٹیں، حیام خان اور عثمان خان کی شاندار بیٹنگ، پاکستان کی سیمی فائنل میں یکطرفہ فتح
مسقط (پی پی اے) پاکستان انڈر 19 نے ایشین کرکٹ کونسل انڈر 19 ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش انڈر 19 کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنا لی۔ العمرات کرکٹ گراؤنڈ عمان کرکٹ منسٹری ٹرف 2 میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بیٹنگ اور باؤلنگ دونوں شعبوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا
بنگلہ دیش انڈر 19 نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پاکستانی باؤلرز نے حریف ٹیم کو 31.4 اوورز میں 138 رنز پر ڈھیر کر دیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے عبداللہ الموہی 50 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ رقیب الحسن نے 26، علی رفیع نے 20 اور کپتان فرید حسن نے 17 رنز بنائے پاکستان کی جانب سے رضوان اللہ نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 30 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں، محمد سیام نے 2 جبکہ علی رضا، حسنین عباس ڈار اور احمد حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی پاکستان انڈر 19 نے 139 رنز کا ہدف صرف 21.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ حیام خان نے 72 گیندوں پر 69 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ عثمان خان 54 گیندوں پر 64 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ عبدالقادر 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے حیام خان اور عثمان خان نے پہلی وکٹ کے لیے 123 رنز کی شاندار شراکت قائم کرکے پاکستان کی فتح آسان بنا دی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے روبیع الحسن انک نے واحد وکٹ حاصل کی پاکستان انڈر 19 نے شاندار کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ کے فائنل میں رسائی حاصل کر لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ دوسرے سیمی فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا