پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

صدر محسن گیلانی کا پاکستان فٹبال کی ترقی کیلئے پانچ نکاتی منصوبے کا اعلان

اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان فٹبال فیڈریشن پی ایف ایف کے صدر سید محسن گیلانی نے پاکستان فٹبال کی ترقی اور اسے بین الاقوامی سطح پر مضبوط شناخت دلانے کے لیے آئندہ سال کے پانچ اہم اہداف کا اعلان کر دیا ہے جن میں ٹیلنٹ کی شناخت انفراسٹرکچر کی ترقی نیشنل لیگ ڈومیسٹک مقابلوں کا فروغ اور کوچز کی تربیت شامل ہیں۔ تاہم پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کی جانب سے مختلف امور پر سخت سوالات کیے جانے پر صدر پی ایف ایف محسن گیلانی پریس کانفرنس ادھوری چھوڑ کر چلے گئے اسلام آباد کے ایک مقامی ہوٹل میں شاہینز کا شاندار سفر اور آگے کا راستہ کے عنوان سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی نے کہا کہ فیڈریشن کا بنیادی مقصد بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا پرچم بلند کرنے کے ساتھ ملک میں فٹبال کی مضبوط بنیادیں قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیموں کے لیے مزید بین الاقوامی میچز کا انعقاد، کھیلوں کی سہولیات میں بہتری اور نوجوان کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنا فیڈریشن کی اولین ترجیحات ہیں انہوں نے کہا کہ فٹبال انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے کروڑوں ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ مضبوط انفراسٹرکچر کے بغیر کھیل کی ترقی ممکن نہیں ڈومیسٹک فٹبال کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فیڈریشن ٹرائلز کے بجائے مقابلوں میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بنیاد پر انتخاب کو ترجیح دے گی تاکہ کھلاڑیوں کو مسلسل کھیلنے اور اپنی صلاحیتیں منوانے کے مواقع مل سکیں۔ صدر گیلانی نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران مردوں، خواتین اور یوتھ ٹیموں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے جسے مزید آگے بڑھانے کے لیے نیشنل انڈر 17 چیمپئن شپ اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت اہم کردار ادا کرے گی مقامی اور ڈائاسپورا کھلاڑیوں کے انتخاب کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو ان کے پس منظر کے بجائے میرٹ، اہلیت اور کمٹمنٹ کی بنیاد پر منتخب کیا جانا چاہیے۔ قومی ٹیم میں بہترین کھلاڑیوں کو پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملنا چاہیے۔ سیف چیمپئن شپ میں پاکستان کی حالیہ کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے صدر گیلانی نے کہا کہ ڈھاکہ میں فائنل کے دوران کھلاڑیوں میں پاکستان کے لیے کھیلنے کا بھرپور جذبہ اور عزم دکھائی دیا۔ شکست کے باوجود تمام کھلاڑی ٹرافی پاکستان لانے کے لیے پرعزم تھے پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان فٹبال نے جو پیش رفت کی ہے، اس میں صدر کی وژن نے بنیادی کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ دیرپا ترقی کے لیے طویل المدتی حکمت عملی، انتظامی نظام میں بہتری اور خامیوں کا خاتمہ ضروری ہے پی ایف ایف کے ٹیکنیکل ڈائریکٹر عدیل رزقی نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ پاکستان فٹبال کے لیے انتہائی مصروف رہے جہاں انڈر 15، انڈر 17 اور سینئر ٹیموں نے مختلف مقابلوں میں شرکت کی اب ان مقابلوں سے حاصل ہونے والے تجربات کا جائزہ لے کر ڈویلپمنٹ، انفراسٹرکچر، پالیسیز اور گورننس میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ پاکستان مینز نیشنل ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو نے کہا کہ قومی ٹیم کا اگلا ہدف فیفا ورلڈ کپ کوالیفائرز کے اگلے مرحلے میں گروپ اسٹیج تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پاسپورٹ رکھنے والا اچھی فٹبال کھیلنے اور مطلوبہ معیار پر پورا اترنے والا ہر کھلاڑی قومی ٹیم میں انتخاب کے لیے دستیاب ہے پاکستان انڈر 17 بوائز ٹیم کے ہیڈ کوچ محمد حبیب نے لاؤس میں ہونے والے اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز کو نوجوان کھلاڑیوں کے لیے اہم تجربہ قرار دیا انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے ایونٹ میں دو میچز جیتے، ایک ڈرا کیا جبکہ ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا خواتین فٹبال کے حوالے سے صدر سید محسن گیلانی نے بتایا کہ فیڈریشن کے تیار کردہ اسٹریٹجک پلان کی فیفا نے منظوری دے دی ہے محدود فنڈنگ کے باوجود پاکستان کی خواتین ٹیموں نے 2026 میں فیفا سیریز اور ساف فٹسال چیمپئن شپ میں شرکت کی جہاں بالترتیب چوتھی اور تیسری پوزیشن حاصل کی تین شہروں میں انڈر 16 اور انڈر 23 ویمن لیگز بھی شروع کی گئی ہیں جبکہ 2027 کے لیے خواتین فٹبال کا کیلنڈر تیار کیا جا رہا ہے پریس کانفرنس کے بعد ہیڈ کوچز نولبرٹو سولانو اور محمد حبیب قومی ٹیم کے کھلاڑیوں حیان خٹک اور حسیب خان کے ساتھ میٹ اینڈ گریٹ نشست بھی منعقد ہوئی جس میں شائقین اور میڈیا نمائندگان کو کوچز اور کھلاڑیوں سے ملاقات اور گفتگو کا موقع ملا پریس کانفرنس کا اہم پہلو یہ رہا کہ صحافیوں کی جانب سے پاکستان فٹبال کے مختلف معاملات اور کارکردگی سے متعلق سخت سوالات کیے گئے جس کے بعد صدر پی ایف ایف سید محسن گیلانی پریس کانفرنس چھوڑ کر چلے گئے

Leave A Reply

Your email address will not be published.