پاکستان انٹرنیشنل پریس ایجنسی

سلطان اذلان شاہ کپ پاکستان فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا

ملائیشیا سے مقابلہ پانچ پانچ سے برابر، گرین شرٹس تیسری پوزیشن کے لیے جنوبی کوریا سے کھیلیں گے

کوالالمپور (پی پی اے) پاکستان 32ویں سلطان اذلان شاہ کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہا، تاہم گرین شرٹس نے میزبان ملائیشیا کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں 5-5 سے ڈرا کھیل کر شائقین کو دلچسپ مقابلہ دیکھنے کا موقع فراہم کیا سلطان اذلان شاہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں ملائیشیا نے تیسرے منٹ میں ابو کمال اذرائی کے فیلڈ گول کی بدولت برتری حاصل کی، تاہم پاکستان کے ندیم احمد نے 13ویںt اور 15ویں منٹ میں لگاتار دو گول کرکے پاکستان کو برتری دلا دی ملائیشین کپتان جلیل مربان نے 20ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ ندیم احمد نے پہلے کوارٹر کے اختتام پر ایک اور گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی دوسرے کوارٹر میں ملائیشیا نے جلیل مربان کے ذریعے ایک اور گول کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ وقفے کے بعد پاکستان نے عماد محمد کے شاندار گول کی بدولت دوبارہ برتری حاصل کرلی۔ عماد محمد نے عبدالواحد اشرف رانا کے پاس پر دو دفاعی کھلاڑیوں کو چکما دیتے ہوئے گول کیپر کو شکست دی 34ویں منٹ میں ملائیشیا کو پنالٹی اسٹروک ملا، تاہم پاکستانی گول کیپر اشتیاق نے ابو کمال اذرائی کی کوشش ناکام بنا دی۔ پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے 47ویں منٹ میں گول کرکے برتری 4-2 کردی، لیکن ملائیشیا نے فوری ردعمل دیتے ہوئے فیصل کے پنالٹی کارنر پر گول کے بعد دوسرا گول بھی داغ دیا اور مقابلہ 4-4 سے برابر کردیا پاکستان نے 56ویں منٹ میں سفیان خان کے شاندار پنالٹی کارنر گول کی بدولت پانچویں مرتبہ برتری حاصل کی، تاہم ملائیشیا کے فیصل نے 57ویں منٹ میں پنالٹی اسٹروک پر گول کرکے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مقابلہ 5-5 سے برابر کردیا اس نتیجے کے بعد ملائیشیا 7 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ پاکستان بھی اتنے ہی پوائنٹس کے باوجود گول کے فرق کی بنیاد پر تیسرے نمبر پر رہا۔ ملائیشیا نے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جہاں ہفتہ 28 نومبر کو اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جبکہ پاکستان تیسری پوزیشن کے لیے جنوبی کوریا کے مدمقابل ہوگا

Leave A Reply

Your email address will not be published.