وزارت خزانہ کی جانب سے وفاقی محتسب میں ہیلتھ لیوی بل پرضروری اقدامات اٹھانے کی تحریری یقین دہانی ،وزارت خزانہ کی جانب سے وفاقی محتسب میں ہیلتھ لیوی کے اطلاق پرضروری اقدامات اٹھانے کی تحریری یقین دہانی کرادی گئی،جس کاپناہ کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے خیرمقدم کرتے ہوئے اس توقع کااظہارکیاکہ حکومت عوام کی صحت کونقصان پہچانے والے عوا مل کی روک تھام کے لئے مثبت پیش رفت کریگی۔منگل کے روز وفاقی محتسب کے سینئرہیلتھ ایڈوائزرکے روبروپناہ کی جانب سے ہیلتھ لیوی سے متعلق دائر درخواست پرسماعت ہوئی،جہاں پرپاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن اورممبروزارت خزانہ پیش ہوئے،دوران سماعت وزارت خزانہ کے ممبرکی جانب سے وفاقی محتسب کو تحریری طورپرآگاہ کیاکہ عوام کی صحت حکومت کی بنیادی ترجیحات میں سے ایک ہے،لہذاہم یقین دہانی کرواتے ہیں کہ ہیلتھ لیوی کے اطلاق پرضروری اقدامات جلد ازجلد اٹھائے جائیں گے۔
یادرہے کہ وفاقی محتسب کی سینئر ایڈوائزرکے روبروہیلتھ لیوی کیس سے متعلق پناہ کی درخواست پر27اکتوبر کوسماعت ہوئی تھی،جہاں پرپناہ کے جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے اپنے موقف میں بتایا تھاکہ دل،کینسر سمیت دیگر مہلک امراض کی بنیادی وجوہات میں سے ایک بڑی وجہ تمباکونوشی اورشوگری ڈرنکس کااستعمال ہے،پناہ کے موقف کی تائید میں وزیراعظم اوروفاقی کابینہ کی جانب سے ہیلتھ لیوی کے بل کومنظورکرنے کے باوجوداسے فنانس بل کاحصہ نہ بنایاگیا،اس موقع پر ایف بی آر نے پیش ہوکراپنا تحریر بیان داخل کرواتے ہوئے موقف اختیارکیا تھاکہ ایف بی آر کو ہیلتھ لیوی لگانے پر کوئی اعتراض نہیں،ایف بی آرنے ہیلتھ منسٹری کو ایک لیٹرکے ذریعے بتایا کہ ہمیں ہیلتھ ٹیکس لگانے کیلئے لاء ڈرافٹ درکارہے،اس پر گزشتہ پیشی کے دوران وفاقی محتسب کو وزارت خزانہ کی جانب سے تحریری طورپر آگاہ کیا گیاکہ وہ وزارت صحت کی طرف سے دیے گئے ہیلتھ لیوی بل کوپارلیمنٹ سیشن میں پیش کرنے کے لئے تمام ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔