پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں وفاقی حکومت کی کاوشوں سے ملکی معیشت بحالی و ترقی کی راہ پر چل نکلی ہے، عالمی وباء کے باوجود کاروباری شعبے میں تیزی سے بہتری آرہی ہے اور بازارِ حصص معاشی صحت کی نوید دے رہا ہے۔ محصولات میں نمو کیلئے مؤثر حکمت عملی کیساتھ عوام کا اعتماد لازم ہے اور وزیراعظم کی دیانت و حکومتی نظام کی شفافیت سے لوگ ٹیکسوں کی ادائیگی کی جانب مائل ہورہے ہیں۔ ٹیکس نظام میں بہتری کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہورہے ہیں اور انشاءاللہ اہداف کے حصول کیساتھ ٹیکس کے دائرے میں وسعت کی منزل بھی حاصل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین ایف بی آر جاوید غنی سے خصوصی ملاقات کے دوران کیا۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کی جاری کردہ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و منتظم مرکزی سیکرٹریٹ زاہد حسین کاظمی نے ایف بی آر کے چیئرمین سے انکے دفتر میں ملاقات کی اور ٹیکس نظام میں اصلاحات، تاجر برادری کو درپیش مسائل اور ٹیکسوں کی وصولی کے طریقہ کار و اہداف سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ ٹیکسوں کی مؤثر وصولی کے بغیر ترقی کی مسافت طے کرنا ناممکن ہے جبکہ تحریک انصاف پاکستان میں ٹیکس کے نظام کی اصلاح کے حوالے سے مکمل یکسو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی کی حکومتوں نے ٹیکس وصولیوں کی بجائے ٹیکسوں کی چوری کا کلچر پروان چڑھایا اور حکمران خود بڑی ٹیکس چوری میں ملوث رہے مگر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جیسی دیانتدار اور صادق و امین شخصیت کے اقتدار سنبھالنے کے بعد صورتحال میں یکسر انقلاب برپا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کی وصولی کی معاشی ترقی سے براہِ راست نسبت ہے چنانچہ تحریک انصاف کی حکومت دونوں پہلوؤں پر توجہ دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوروناء کی وباء نے عالمی سطح پر معاشی سرگرمیوں پر غیر معمولی دباؤ بڑھایا ہے اور پاکستان بھی اسکے سنگین اثرات سے دوچار ہوا ہے تاہم مؤثر اور بروقت حکومتی اقدامات کے باعث اقتصادیات کی بحالی کے آثار نمایاں ہیں۔ لارج سکیل مینوفیکچرنگ سے چھوٹی صنعتوں تک ہر سطح پر کاروبار بڑھ رہا ہے جس سے انفرادی و اجتماعی آمدن کے دروازے کھل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت نے تاجر و صنعتکار برادری کو امید کا پیغام دیا ہے اور جامع معاشی پیکیجز کے ذریعے انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے میں مدد دی ہے چنانچہ خوف کی فضا چھٹ رہی ہے اور کاروباری طبقہ حکومت کے قریب آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت ٹیکس چوری کی بجائے ٹیکس کی آسان ادائیگی کی بطور خاص حوصلہ افزائی کررہی ہے اور اس حوالے سے ملک گیر آگاہی مہم چلائی جارہی ہے. انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکس نظام میں اصلاح کے حوالے سے ایف بی آر کے اقدامات قابل تحسین ہیں، امید کرتے ہیں کہ ان اقدامات کے نتیجے میں ٹیکسوں کی وصولی کی اہداف حاصل کرنے میں آسانی ہوگی اور ٹیکسوں کے مجموعی دائرے کو وسعت ملے گی۔ اپنی گفتگو کے دوران تحریک انصاف کے رہنما نے ایف بی آر کی فعالیت و اصلاح کے حوالے سے چیئرمین کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں فیلڈ افسران کی سطح پر جزاء و سزا کا نظام مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔