پنجاب حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں تعلیم، صحت، کھیل اور نوجوانوں کی ترقی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اربوں روپے کے متعدد میگا منصوبوں کی منظوری دے دی

لاہور (پی پی اے) پنجاب حکومت نے مالی سال 27-2026 کے بجٹ میں تعلیم، صحت، کھیل اور نوجوانوں کی ترقی کو اولین ترجیح دیتے ہوئے اربوں روپے کے متعدد میگا منصوبوں کی منظوری دے دی ہے پنجاب کابینہ سے منظور شدہ بجٹ دستاویزات کے مطابق صوبے کا مجموعی بجٹ 5 ہزار 850 ارب روپے سے زائد جبکہ ترقیاتی پروگرام کا حجم 752 ارب روپے تجویز کیا گیا ہے جسے صوبے کی تاریخ کے بڑے ترقیاتی پیکجز میں شمار کیا جا رہا ہے تعلیم کے شعبے میں طلبہ کی حوصلہ افزائی اور جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب لیپ ٹاپ پروگرام کے لیے 66 ارب 40 کروڑ روپے جبکہ ہونہار اسکالرشپ پروگرام کے لیے 33 ارب 25 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں مریم نواز اکیڈمک لیڈرشپ سینٹر لاہور طلبہ کو سائیکلوں کی فراہمی طالبات کے لیے ٹرانسپورٹ سہولت اور سرکاری اسکولوں میں جدید اسٹیم لیبز کے قیام سمیت متعدد منصوبے بھی بجٹ کا حصہ ہیں دستاویزات کے مطابق سرکاری اسکولوں میں اسٹیم لیبز کے لیے 7 ارب 40 کروڑ روپے اور چیف منسٹر اسکول میل پروگرام کے لیے 7 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ صاف پانی کی فراہمی اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز اور تعلیمی اداروں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لیے بھی خطیر فنڈز رکھے گئے ہیں اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں پنجاب کے کالجوں میں آئی ٹی لیبز کے قیام جی سی یونیورسٹی لاہور کی بحالی سیالکوٹ ویمن یونیورسٹی یونیورسٹی آف چکوال یونیورسٹی آف گجرانوالہ اور یونیورسٹی آف حافظ آباد کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ جدید تعلیمی سہولیات کو فروغ دیا جا سکے خصوصی تعلیم کے میدان میں پنجاب کے تمام ڈویژنز میں مریم نواز آٹزم اسکول کے ذیلی کیمپس قائم کرنے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ خصوصی بچوں کے لیے میل پروگرام نئے تعلیمی مراکز اور تربیتی اداروں کے قیام کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ شرح خواندگی میں اضافے اور بالغ افراد کی تعلیم کے لیے متعدد منصوبوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے کھیلوں اور نوجوانوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے لاہور میں عالمی معیار کی مریم نواز اسپورٹس سٹی نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں بین الاقوامی معیار کی سہولیات کھیلتا پنجاب کارڈ اور چیف منسٹر یوتھ انگیجمنٹ پروگرام شروع کرنے کی تجویز دی گئی ہے اس کے علاوہ بھوربن کوٹ ادو اور دیگر شہروں میں جدید اسپورٹس کمپلیکس بھی قائم کیے جائیں گے صحت کے شعبے میں لاہور میں نواز شریف کینسر انسٹی ٹیوٹ کے لیے 26 ارب 22 کروڑ روپے سے زائد گجرانوالہ میں مریم نواز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے لیے 6 ارب روپے مریم نواز ہیلتھ کلینکس کے قیام و توسیع کے لیے 15 ارب 45 کروڑ روپے اور راولپنڈی چلڈرن اسپتال سمیت متعدد جدید طبی منصوبوں کے لیے ریکارڈ فنڈز مختص کیے گئے ہیں بجٹ میں یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام نرسنگ ایجوکیشن سینٹرز آف ایکسی لینس ڈائیلاسز اور ٹرانسپلانٹ پروگرامز سمیت عوامی فلاح و بہبود کے متعدد منصوبوں کو بھی شامل کیا گیا ہے حکومتی ذرائع کے مطابق ان اقدامات کا مقصد پنجاب میں تعلیم صحت اور کھیلوں کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنا اور انسانی ترقی کے اشاریوں میں نمایاں بہتری لانا ہے

Comments (0)
Add Comment