لاہور (پی پی اے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں فوری کمی کے لیے اقدامات کا حکم دے دیا ہے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا مکمل فائدہ عوام تک پہنچایا جائے اور متعلقہ ادارے کرایوں میں مناسب کمی کے لیے فوری اقدامات کریں مریم نواز شریف نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تاریخی کمی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کر دکھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی صورتحال میں بہتری کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یہ فیصلہ خوش آئند ہے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل حالات میں ملک کو توانائی کے بحران سے محفوظ رکھا، جو ایک اہم قومی خدمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں بروقت اور مؤثر اقدامات کے باعث ملک کو توانائی اور معاشی چیلنجز سے نکالنے میں مدد ملی واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا ہے جسے عوامی ریلیف کے حوالے سے ایک بڑا اقدام قرار دیا جا رہا ہے