اسلام آباد(پی پی اے) نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے زیرِ اہتمام جیل اصلاحات کانفرنس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا جس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے ملک بھر میں جیل نظام میں جامع اور دیرپا اصلاحات کے لیے مشترکہ قومی عزم کا اظہار کیا اعلامیے کے مطابق کانفرنس میں جیلوں میں گنجائش سے زائد قیدیوں ناکافی سہولیات اور زیرِ سماعت قیدیوں کی بڑی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ شرکاء نے آزادی سے محروم تمام افراد کے آئینی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنانے پر اتفاق کیا. کانفرنس میں خواتین بچوں معذور افراد اور معمولی نوعیت کے جرائم میں ملوث افراد کی غیر ضروری قید کم کرنے کے لیے ضمانت قانونی امداد پروبیشن اور پیرول کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا اعلامیے میں کہا گیا کہ گرفتاری حراست سزا جیل انتظامیہ اور پیرول سے متعلق قوانین کا جامع جائزہ لے کر انہیں جدید تقاضوں اور انسانی حقوق کے اصولوں سے ہم آہنگ بنایا جائے گا شرکاء نے جیلوں میں انفراسٹرکچر صفائی معیاری خوراک طبی سہولیات اور ذہنی صحت کی خدمات بہتر بنانے کے ساتھ قیدیوں کی تعلیم پیشہ ورانہ تربیت، نفسیاتی معاونت اور بحالی کے پروگرامز کو وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا اعلامیے کے مطابق رہائی کے بعد سابق قیدیوں کی معاشرے میں مؤثر دوبارہ شمولیت کے لیے جامع نظام تشکیل دیا جائے گا جبکہ پولیس عدلیہ استغاثہ جیل حکام اور قانونی امدادی اداروں کے درمیان رابطہ اور تعاون مزید مضبوط بنایا جائے گا کانفرنس میں مقدمات کے جلد فیصلے، انصاف تک بروقت رسائی ہر صوبے میں جیل اصلاحات کے لیے ٹائم لائن پر مبنی منصوبہ اور اصلاحات پر باقاعدہ رپورٹنگ کا نظام قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا اعلامیے میں جیل اصلاحات کو آئینی ذمہ داری، انسانی حقوق کے تحفظ اور عوامی سلامتی کا بنیادی تقاضا قرار دیتے ہوئے چاروں وزرائے اعلیٰ نے انسانی وقار، قانون کی حکمرانی اور اصلاحی اصولوں پر مبنی جدید جیل نظام کے قیام کے عزم کا اعادہ کیا