اسلام آباد(پی پی اے) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی ای سی سی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں غذائی تحفظ پبلک سیکٹر اصلاحات اور درآمدی پالیسی سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ پاکستان ایگریکلچرل اسٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن پاسکو کی 8 ہزار 197 اعشاریہ 989 میٹرک ٹن گندم اوپن مارکیٹ میں نیلام کرنے کی منظوری دی گئی ای سی سی نے ہدایت کی کہ نیلامی مکمل طور پر کھلے شفاف اور مسابقتی عمل کے تحت ہوگی جبکہ اس کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی لازمی ہوگی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاسکو کے اہل ملازمین کے لیے 4 ارب 18 کروڑ 80 لاکھ روپے کے سیورینس پیکیج کی بھی منظوری دی اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ رقم معاوضے، ریٹائرمنٹ اور دیگر ٹرمینل فوائد کی ادائیگی کے لیے استعمال ہوگی تاکہ ادارے کی تنظیم نو کا عمل مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے
اجلاس میں قائداعظم یونیورسٹی کے مالی معاملات کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو مالیاتی استحکام کے لیے آزاد معاشی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے اور قابلِ عمل مالیاتی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی گئی ای سی سی نے امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 میں ترمیم کی بھی منظوری دی، جس کے تحت پالیسی میں جبری مشقت کی تعریف شامل کی جائے گی اجلاس کو بتایا گیا کہ یہ ترمیم بین الاقوامی لیبر کنونشنز اور عالمی قوانین سے ہم آہنگی کے لیے کی جا رہی ہے تاکہ پاکستان کی تجارتی اور لیبر پالیسیوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ معاشی اصلاحات شفافیت ادارہ جاتی بہتری اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے حکومتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا