مری میں الیکٹرک گرین بس سروس کا افتتاح پچاس روپے کرایے پر ماحول دوست سفری سہولت، ہزاروں شہری مستفید ہوں گے

اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری کے عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کرتے ہوئے الیکٹرک گرین بس سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا افتتاحی تقریب ڈپٹی کمشنر آفس مری میں منعقد ہوئی جہاں وزیراعلیٰ نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مری میں سیاحوں اور مقامی شہریوں کو محفوظ آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرنا پنجاب حکومت کی ترجیح ہے جبکہ مستقبل میں مزید بسیں بھی شامل کی جائیں گی
تقریب میں وفاقی و پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع و رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور، ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضا تنویر سپرا چیف ٹریفک آفیسر منیر ہاشمی اسسٹنٹ کمشنر مری ارشد اقبال دیگر سرکاری افسران سیاسی و سماجی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی
راجہ اسامہ اشفاق سرور نے بتایا کہ گرین بس سروس سترہ میل لوئر ٹوپہ مری شہر اپر دیول بھوربن روات کشمیری بازار نیو مری باڑیاں دریا گلی مسوٹ علیوٹ۔پھگواڑی سہر بگلہ اور دیگر ملحقہ علاقوں کو آپس میں ملائے گی جس سے روزانہ سفر کرنے والے ہزاروں شہری مستفید ہوں گے ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق اس منصوبے کی کامیابی اور عوام کو بلا تعطل معیاری سفری سہولت کی فراہمی یقینی بنائے گی
تقریب میں بتایا گیا کہ الیکٹرک گرین بس سروس کا کرایہ صرف 50 روپے مقرر کیا گیا ہے تاکہ ہر طبقے کے افراد کم خرچ میں محفوظ آرام دہ اور ماحول دوست سفری سہولت حاصل کر سکیں شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس سے ٹریفک کے دباؤ میں کمی ماحولیاتی آلودگی میں کمی اور مری میں عوامی ٹرانسپورٹ کا نظام مزید بہتر ہوگا

Comments (0)
Add Comment