راولپنڈی ( پی پی اے) آل پاکستان پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن ایپسما راولپنڈی کے صدر عدنان نثار نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اور فوکل پرسن برائے پرائیویٹ اسکولز ڈاکٹر شہنشاہ بابر خان سے ان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں نجی تعلیمی شعبے کو درپیش مسائل باہمی تعاون اور تعلیمی نظام کی بہتری سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر عدنان نثار نے کہا کہ ایپسما ملک بھر میں نجی تعلیمی اداروں کی سب سے بڑی نمائندہ تنظیم ہے جو فروغِ تعلیم شرحِ خواندگی میں اضافے اور معیاری تعلیم کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی شعبہ حکومت کا مضبوط شراکت دار اور تعلیمی نظام کا اہم حصہ ہے اس لیے تعلیمی پالیسی سازی اور انتظامی معاملات میں نجی شعبے کی مشاورت اور مؤثر نمائندگی کو یقینی بنایا جانا چاہیے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ڈاکٹر شہنشاہ بابر خان نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کا کردار ناقابلِ تردید ہے اور اگر یہ ادارے موجود نہ ہوں تو سرکاری تعلیمی نظام پر بوجھ میں غیر معمولی اضافہ ہو جائے گا انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی ادارے قوم کے بچوں کو تعلیم فراہم کر کے اہم قومی خدمت انجام دے رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعلیمی اداروں طلبہ اور والدین کے ساتھ سہولت کارانہ اور مثبت رویہ اختیار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ملاقات میں سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں کے درمیان تعاون روابط کے فروغ اور مشترکہ اقدامات کے ذریعے تعلیمی معیار بہتر بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا ڈاکٹر شہنشاہ بابر خان نے نجی تعلیمی اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بلڈنگ فٹنس سرٹیفکیٹ کے حوالے سے حکومتی ہدایات پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں جبکہ مخدوش عمارتوں میں قائم ادارے فوری طور پر محفوظ عمارتوں میں منتقل ہوں انہوں نے مزید کہا کہ جو نجی تعلیمی ادارے تاحال محکمہ تعلیم سے رجسٹرڈ نہیں ہیں وہ فوری رجسٹریشن کرائیں اس سلسلے میں محکمہ تعلیم ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا