کراچی (پی پی اے)سندھ حکومت نے نئے مالی سال کے لیے سالانہ اسپورٹس کیلنڈر کی منظوری دے دی، جس کے تحت سال بھر صوبے کے مختلف شہروں میں قومی اور روایتی کھیلوں کے متعدد بڑے مقابلے منعقد کیے جائیں گے صوبائی وزیر کھیل سردار محمد خان بخش مہر کے مطابق منظور شدہ کیلنڈر کے تحت 19ویں سندھ گیمز نومبر میں سکھر میں منعقد ہوں گے جبکہ سندھ پنک گیمز اور اسپیشل گیمز اکتوبر میں شہید بینظیر آباد میں ہوں گے۔ ای اسپورٹس چیمپئن شپ نومبر میں کراچی میں منعقد کی جائے گی انہوں نے بتایا کہ سندھ بیچ گیمز دسمبر میں کراچی میں ہوں گے، جبکہ تھر جیپ ریلی فروری 2027 میں منعقد کی جائے گی لیاری اسپورٹس فیسٹیول اپریل اور پنک فٹبال چیمپئن شپ مئی 2027 میں ہوگی. صوبائی وزیر کے مطابق ڈونکی کارٹ ریس جون 2027 میں کراچی میں، جبکہ جولائی میں بھٹ شاہ میں حضرت شاہ عبداللطیف بھٹائیؒ کے عرس کے موقع پر آل پاکستان ملاکھڑا مقابلے منعقد ہوں گے سچل گوٹھ کراچی میں میگا ملاکھڑا اکتوبر میں کوہستان بیل گاڑی دوڑ نومبر میں ٹھٹہ میں، جبکہ اقبال ڈے اسپورٹس فیسٹیول حیدرآباد میں منعقد کیا جائے گا انہوں نے مزید بتایا کہ شہید بینظیر آباد میں سخی جام ڈاتار کے عرس کے موقع پر ملاکھڑا اور کبڈی ٹورنامنٹ جبکہ سیہون شریف میں حضرت لعل شہباز قلندرؒ کے عرس کے موقع پر آل پاکستان ملاکھڑا فروری 2027 میں ہوگا۔ شطرنج چیمپئن شپ بھی حیدرآباد میں منعقد کی جائے گی سردار محمد خان بخش مہر کا کہنا تھا کہ نئے اسپورٹس کیلنڈر میں ٹرانسجینڈر افراد خصوصی افراد، جامعات اور جیلوں تک کھیلوں کی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے اس کے علاوہ سندھ بھر میں ملاکھڑا، کوڈی کوڈی، کبڈی، شوٹنگ بال اور اسٹریٹ چلڈرن گیمز کے تحت فٹبال، کرکٹ گلی ڈنڈا اور رسہ کشی جیسے کھیل بھی شامل کیے گئے ہیں. انہوں نے کہا کہ مختلف کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کو مالی معاونت فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیا جا سکے اور ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں کو قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے بہتر مواقع میسر آئیں