کراچی (پی پی اے)سندھ حکومت نے زرعی تحقیق میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ٹنڈو جام میں گندم کی نئی اقسام کی تیاری کے لیے ملک کی پہلی اسپیڈ بریڈنگ لیبارٹری قائم کر دی ہے. وزیر زراعت سندھ سردار محمد بخش مہر نے کہا کہ جدید اسپیڈ بریڈنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے کم مدت میں تیار ہونے والی زیادہ پیداوار دینے والی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات برداشت کرنے والی گندم کی نئی اقسام تیار کی جائیں گی انہوں نے بتایا کہ لیبارٹری میں ایسی گندم کی اقسام پر تحقیق کی جائے گی جو شدید گرمی خشک سالی اور مختلف بیماریوں کا مؤثر مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہوں اور سندھ کے مختلف موسمی حالات سے ہم آہنگ ہوں .سردار محمد بخش مہر کے مطابق اس تحقیق کا بنیادی مقصد کم وقت میں تیار ہونے والی فی ایکڑ زیادہ پیداوار دینے والی گندم کی اقسام متعارف کرانا ہے جس سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کاشتکاروں کی آمدن میں بھی نمایاں بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے گندم کی پیداوار میں اضافے اور کاشتکاروں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچانے کے لیے جدید زرعی تحقیق ناگزیر ہے نئی اقسام کی تیاری سے صوبے میں غذائی تحفظ مضبوط ہوگا اور کسانوں کو زیادہ منافع بخش اور پائیدار پیداوار حاصل کرنے میں مدد ملے گی وزیر زراعت نے محکمہ زراعت کے ریسرچ ونگ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ زرعی تحقیق کے اداروں کو مضبوط بنانے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے