اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شمالی بحیرۂ عرب میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر پاک بحریہ کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیاب آپریشن سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاک بحریہ کے عزم، پیشہ ورانہ مہارت اور ہمہ وقت تیاری کا عملی مظہر ہے وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے جنگی جہاز پی این ایس تیمور نے بروقت اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے سمندر میں پھنسے 19 ماہی گیروں کو بحفاظت ریسکیو کیا. انہوں نے بتایا کہ کشتی پر سوار تمام 19 افراد، جن میں 11 پاکستانی اور 8 ایرانی شہری شامل تھے کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا وزیراعظم نے کامیاب ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فرض شناسی کو سراہا شہباز شریف نے کہا کہ پاک بحریہ کے اہلکاروں نے متاثرہ ماہی گیروں کو خوراک، پینے کا صاف پانی اور فوری طبی امداد بھی فراہم کی جو ہماری مسلح افواج کی انسانی ہمدردی اعلیٰ تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا واضح ثبوت ہے. وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیاب ریسکیو آپریشن اس امر کا مظہر ہے کہ پاک بحریہ ہر وقت سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے