پاکستان معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے، خرم شہزاد

کراچی (پی پی اے) مشیر وزیرِ خزانہ خرم شہزاد نے کہا ہے کہ پاکستان نے کامیابی سے معاشی استحکام کا مرحلہ عبور کرتے ہوئے نجی شعبے کی قیادت میں پائیدار اقتصادی ترقی کے نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے جو ڈھانچہ جاتی اصلاحات سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد اور مضبوط معاشی بنیادوں کا نتیجہ ہے بینک اسلامی کے زیرِ اہتمام کراچی میں منعقدہ سیمینار "پاکستان اکنامک آؤٹ لک: مالی سال 2027 اور اس کے بعد” سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو سے تین برسوں میں ملکی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب حکومت کی توجہ سرمایہ کاری، برآمدات اور پائیدار اقتصادی نمو پر مرکوز ہے خرم شہزاد نے بتایا کہ حقیقی جی ڈی پی کی شرح نمو 3.7 فیصد تک پہنچ چکی ہے جس میں زراعت، بڑی صنعتوں (ایل ایس ایم) اور خدمات کے شعبے کی بہتر کارکردگی نے اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر مالیاتی حکمت عملی کے باعث مالی سال کے پہلے نو ماہ کے دوران مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے ایک فیصد سے بھی کم سطح پر برقرار رکھا گیا، جبکہ قرضوں کا مجموعی قومی پیداوار سے تناسب 75 فیصد سے کم ہو کر 68 فیصد پر آ گیا، جو مالیاتی نظم و ضبط کا واضح ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ بیرونی شعبے میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے جاری کھاتوں کا خسارہ 2022 کے 17.5 ارب امریکی ڈالر کے مقابلے میں کم ہو کر 150 ملین امریکی ڈالر سے بھی نیچے آ گیا ہے، جبکہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 2023 کے اوائل میں تقریباً 3 ارب ڈالر سے بڑھ کر 18 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں جو تین ماہ سے زائد درآمدات کے لیے کافی ہیں مشیر وزیرِ خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام اور سرمایہ کاروں کے بڑھتے اعتماد کے باعث سرمایہ مارکیٹ میں بھی مثبت رجحان دیکھنے میں آ رہا ہے جہاں ابتدائی عوامی حصص (آئی پی اوز) کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے جس سے سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ حکومت مالیاتی شمولیت کے فروغ کے لیے رسائی برائے مالیات (Access to Finance) پروگرام پر عمل پیرا ہے جس کے ذریعے گھریلو صارفین، کسانوں اور کاروباری افراد کو مالی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جبکہ نجی شعبے کی قیادت میں اقتصادی ترقی کو مزید تقویت دی جا رہی ہے خرم شہزاد نے بتایا کہ حکومت نجکاری، توانائی، سرکاری قرضہ جات کے انتظام، ٹیکس نظام، ٹیرف اصلاحات، ڈیجیٹل پاکستان اور مالیاتی سہولیات تک رسائی سمیت مختلف شعبوں میں جامع اصلاحات نافذ کر رہی ہے۔ ان کے مطابق نجکاری کے 28 منصوبوں پر عملدرآمد شروع ہو چکا ہے، جن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے لیے 1.2 ارب امریکی ڈالر کی کامیاب بولی بھی شامل ہے، جبکہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل بھی آگے بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات کے ابتدائی نتائج حوصلہ افزا ہیں، جن میں بڑے پیمانے کی صنعتی پیداوار میں بہتری، صنعتی سرگرمیوں کی بحالی، نجی شعبے اور زرعی قرضوں میں اضافہ، کارپوریٹ سرگرمیوں میں تیزی اور کاروباری اعتماد میں نمایاں بہتری شامل ہے، جو ملک میں وسیع بنیادوں پر معاشی بحالی کی عکاسی کرتے ہیں۔
اس سے قبل سیمینار سے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ڈپٹی گورنر محمد امین خان لوڈھی، علی خضر، ڈاکٹر علی حسنین اور خرم حسین نے بھی خطاب کیا، جبکہ تقریب میں سینئر بینکرز، سرمایہ کاروں، مالیاتی ماہرین، کاروباری برادری کے نمائندوں اور مختلف معاشی اداروں کے اراکین نے شرکت کی

Comments (0)
Add Comment