اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے اخلاقی جامع اور صنفی ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ کے لیے یو این ویمن جینڈر ریسپانسیو اے آئی اسکول کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا یہ اقدام وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے یو این ویمن پاکستان اور کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (KOICA) کے تعاون سے شروع کیا ہے. اے آئی اسکول کا مقصد پالیسی سازوں، سرکاری افسران، ارکان پارلیمنٹ، اقوام متحدہ کی ایجنسیوں، تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، نجی شعبے اور کمیونٹی رہنماؤں کی مصنوعی ذہانت سے متعلق صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے اس پروگرام میں مصنوعی ذہانت کے بنیادی اصول، اخلاقی اور صنفی ذمہ دارانہ گورننس، پرامپٹ انجینئرنگ، اے آئی ایجنٹس، پبلک ایڈمنسٹریشن اور جامع ترقی میں اے آئی کے استعمال سے متعلق عملی اور نظریاتی تربیت فراہم کی جائے گی۔ باضابطہ افتتاح سے قبل بھی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے شرکاء کے لیے خصوصی تربیتی سیشن منعقد کیے جا چکے ہیں پاکستان، یو این ویمن کے تحت مکمل قومی ٹریننگ آف ٹرینرز (ToT) پروگرام کی میزبانی کرنے والا جنوبی ایشیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔ 2024 میں شروع ہونے والے اس علاقائی پروگرام کے تحت ایشیا اور بحرالکاہل کے پانچ ہزار سے زائد پالیسی سازوں، اقوام متحدہ کے حکام، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور نوجوان اختراع کاروں کو تربیت دی جا چکی ہے یو این ویمن پاکستان کے کنٹری نمائندے جمشید ایم قاضی نے کہا کہ پاکستان خطے کا پہلا ملک ہے جس نے ایگزیکٹو، قانون سازی اور عدلیہ سمیت مختلف ریاستی اداروں کے لیے قومی سطح پر اے آئی تربیتی پروگرام متعارف کرائے ہیں، جبکہ سول سوسائٹی اور نجی شعبے کو بھی اس عمل میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد مصنوعی ذہانت کی پالیسی سازی میں صنفی مساوات کو یقینی بنانا اور خواتین و لڑکیوں کی ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر شمولیت کو فروغ دینا ہے۔ پاکستان کی قومی اے آئی پالیسی بھی مصنوعی ذہانت کی ترقی میں صنفی نقطہ نظر کو شامل کرنے اور پسماندہ خواتین اور معذور افراد کے لیے ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ پر زور دیتی ہے افتتاحی تقریب کے دوران وزارت آئی ٹی اور یو این ویمن پاکستان کے درمیان اے آئی اسکول کو ادارہ جاتی بنیادوں پر مستحکم کرنے اور اس کے طویل المدتی نفاذ کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی میونیکیشن شازہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ مصنوعی ذہانت ہر شعبے میں انقلابی تبدیلی لا رہی ہے اور پاکستان اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ خواتین اور لڑکیوں کو ڈیجیٹل معیشت میں مساوی مواقع اور قیادت کا حق حاصل ہو۔ جبکہ کوریا انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی پاکستان کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر سودام بیک نے کہا کہ یہ اقدام ذمہ دارانہ اے آئی کے استعمال کو فروغ دے گا، ڈیجیٹل مہارتیں بہتر بنائے گا اور خواتین و لڑکیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا