اسلام آباد (پی پی اے) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے گلگت بلتستان میں براڈ پیک سر کرنے کی مہم کے دوران برفانی تودہ گرنے سے معروف کوہ پیما نرمل پورجا سمیت 10 کوہ پیماؤں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے. سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ساتھ چین نیپال عمان برطانیہ اور امریکا کی حکومتوں اور عوام سے بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا. انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے بہادر کوہ پیما ہنزہ سے تعلق رکھنے والے سہیل ساقی کے انتقال پر بھی سوگوار ہے جن کی جرات عزم اور بلند پہاڑوں سے غیرمعمولی محبت کو ہمیشہ فخر کے ساتھ یاد رکھا جائے گانائب وزیراعظم نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے تمام کوہ پیماؤں نے اپنے عزم ہمت اور اعلیٰ کارکردگی کے حصول کی لگن سے کوہ پیمائی کے حقیقی جذبے کی عکاسی کی جو آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعثِ تحریک رہے گا اسحاق ڈار نے ریسکیو ٹیموں کی انتھک کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انتہائی دشوار گزار اور بلند پہاڑی علاقوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور غیرمعمولی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا. انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان متعلقہ ممالک کے سفارت خانوں کے ساتھ قریبی رابطے اور تعاون کے ذریعے جاری تلاش اور ریسکیو کارروائیوں میں بھرپور معاونت جاری رکھے گا جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا