اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ اسلام آباد کے تاریخی شاہ اللہ دتہ غاریں، جو گندھارا تہذیب اور بدھ مت ورثے کا اہم تاریخی مرکز ہیں، کو جدید سہولیات سے آراستہ کرکے عالمی معیار کی بدھ مت ہیریٹیج سائٹ میں تبدیل کیا جا رہا ہے وزارت قومی ورثہ و ثقافت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کام جلد از جلد مکمل کیے جائیں تاکہ ستمبر/اکتوبر میں منعقد ہونے والی گندھارا کانفرنس کے موقع پر اس تاریخی مقام کا باضابطہ افتتاح کیا جا سکے۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکرٹری فرح ناز اکبر بھی ان کے ہمراہ تھیں. وفاقی وزیر نے شاہ اللہ دتہ غاروں کا دورہ کرکے جاری بحالی اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ غاروں کے سامنے پہاڑی پر بدھ مت دور کا ایک تاریخی اسٹوپا موجود ہے، جو فاصلے کی وجہ سے واضح طور پر دکھائی نہیں دیتا اورنگزیب خان کھچی نے ہدایت کی کہ بدھ بھکشوؤں اور دیگر زائرین کی سہولت کے لیے تاریخی اسٹوپا کو قریب سے دیکھنے کی غرض سے جدید ٹیلی اسکوپ نصب کیا جائے انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ غاروں کے اندر بدھ مت تہذیب اور ورثے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے تاکہ اس مقام کی تاریخی اور مذہبی اہمیت نمایاں ہو سکے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان گندھارا تہذیب کے تحفظ فروغ اور عالمی سطح پر تشہیر میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، اسی وژن کے تحت شاہ اللہ دتہ غاروں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترقی دی جا رہی ہے انہوں نے بتایا کہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کے لیے کینٹین، گفٹ شاپ اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ رات کے اوقات میں غاروں کو آرائشی روشنیوں سے منور کیا جائے گا تاکہ یہ مقام مزید پرکشش بن سکے۔ بعد ازاں وفاقی وزیر نے ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی جس میں سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شاہ اللہ دتہ غاروں سمیت دیگر تاریخی مقامات کے تحفظ اور ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں اسلام آباد کے تاریخی ارتقا پر مبنی خصوصی نقشہ تیار کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ کہوٹہ کے قریب واقع تاریخی گکھڑ قلعہ سے متعلق ڈائریکٹوریٹ کی گیلری میں خصوصی "گکھڑ کارنر” قائم کیا جائے جہاں گکھڑ قبیلے سے متعلق تاریخی نوادرات اور معلوماتی مواد رکھا جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ گیلری میں مہرگڑھ تہذیب سے متعلق نوادرات بھی نمائش کے لیے رکھے جائیں تاکہ پاکستان کے قدیم تاریخی ورثے کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ بلوچستان سے تعلق رکھنے والے بعض اراکین قومی اسمبلی نے گوادر کے ممتاز شاعر و ادیب سید ظہور شاہ ہاشمی کے سو سالہ تاریخی گھر اور تربت کے دیگر تاریخی مقامات کے تحفظ کے لیے تعاون کی درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اراکین اسمبلی کو باضابطہ تحریری سفارشات ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے ان منصوبوں پر عملدرآمد کیا جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری قومی ورثہ و ثقافت اسد رحمان گیلانی نے کہا کہ ڈائریکٹوریٹ آف آرکیالوجی اینڈ میوزیم کی گیلری کو جدید خطوط پر ازسرِ نو ترتیب دیا جائے گا، جہاں یونیورسٹی طلبہ کے مطالعاتی دوروں سمیت عام شہریوں کی آمد کو فروغ دیا جائے گا تاکہ پاکستان کے تاریخی ورثے سے متعلق عوامی آگاہی میں اضافہ ہو