نوجوان فنکاروں نے اپنے فن کے ذریعے مسئلہ کشمیر مؤثر انداز میں اجاگر کیا، وجیہہ قمر

اسلام آباد (پی پی اے) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے کہا ہے کہ رنگ ہمیشہ اپنا اثر چھوڑتے ہیں اور نوجوان مصوروں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو نہایت مؤثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فن پارے کشمیری عوام کی جدوجہد، حوصلے اور امنگوں کی بھرپور عکاسی کرتے ہیں اور نوجوان نسل کو مسئلہ کشمیر کے حقائق سے آگاہ رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں وہ یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر یوتھ فورم فار کشمیر کے زیر اہتمام اور انسٹیٹیوٹ آف ہوم اکنامکس اینڈ ڈیزائن کے اشتراک سے منعقدہ کانفلکٹ تھرو آرٹ تصویری مقابلے کی انعامی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں وجیہہ قمر نے کہا کہ مرحوم سید علی گیلانی کی جدوجہد تحریکِ آزادی کا روشن باب ہے اور ان کا تاریخی جملہ ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے آج بھی کشمیری عوام کے عزم اور پاکستان سے وابستگی کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ففتھ جنریشن وار اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے ذریعے نوجوانوں کو حقائق سے دور کرنے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم باشعور نوجوان اپنے فن قلم اور تحقیق کے ذریعے سچائی کو دنیا کے سامنے لا سکتے ہیں. اس موقع پر الطاف حسین وانی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت کا خاتمہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روح کے منافی اقدام ہے جبکہ نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے تاریخی، قانونی اور سیاسی پہلوؤں کا گہرائی سے مطالعہ کریں اور اس موضوع پر تحقیق کو فروغ دیں یوتھ فورم فار کشمیر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر زمان باجوہ نے کہا کہ تصویری مقابلے کا مقصد نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو قومی مقصد کے لیے بروئے کار لانا اور فن کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن اور ثقافت عوامی شعور بیدار کرنے کے طاقتور ذرائع ہیں. انسٹیٹیوٹ آف ہوم اکنامکس اینڈ ڈیزائن کی پرنسپل روزینہ فہیم نے کہا کہ نوجوان فنکار معاشرے کے حساس موضوعات کو تخلیقی انداز میں پیش کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں اور ایسی سرگرمیاں ان کی فنی استعداد کے ساتھ قومی شعور کو بھی مضبوط بناتی ہیں تقریب میں معاون وزیر برائے امور نوجوانان اعظم گولڑہ، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات، اساتذہ، طلبہ اور فنونِ لطیفہ سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ بتایا گیا کہ کانفلکٹ تھرو آرٹ کے عنوان سے منعقدہ اس منفرد تصویری مقابلے میں ملک بھر سے تقریباً 200 نوجوان طالب علم مصوروں نے حصہ لیا شرکا نے اپنی تخلیقات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے مختلف پہلوؤں، مقبوضہ جموں و کشمیر میں مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کشمیری عوام کو درپیش مسائل اور خصوصی آئینی حیثیت کے خاتمے کے بعد کی صورتحال کو اجاگر کیا تقریب کے اختتام پر وزیر مملکت وجیہہ قمر نے تصویری نمائش کا افتتاح کیا فن پاروں کا جائزہ لیا اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان مصوروں میں انعامات تقسیم کیے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں نوجوان نسل میں قومی شعور، تخلیقی اظہار اور مسئلہ کشمیر سے متعلق آگاہی کو مزید فروغ دیں گی

Comments (0)
Add Comment