احد چیمہ نے جائیکا کو ایم ایل ون منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دے دی پاکستان اور جاپان کا ریلوے، ڈیجیٹل معیشت، ہنرمندی اور سیاحت میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (اے پی پی اے) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ نے جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کو مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے منصوبے میں شریک مالی معاونت پر غور کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت دار اس اہم منصوبے کی حمایت کر رہے ہیں۔ انہوں نے یہ بات جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کے دوران کہی وفاقی وزیر نے پاکستان کے ساتھ جائیکا کی سات دہائیوں پر محیط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ جاپان کی جانب سے تقریباً 11.7 ارب امریکی ڈالر کی سرکاری ترقیاتی معاونت نے توانائی، ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت، آبی وسائل، صحت، تعلیم اور سکیورٹی سمیت مختلف شعبوں کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل سے پاکستان کے ٹرانسپورٹ نظام کو جدید بنایا جا سکے گا، تجارت کو فروغ ملے گا، صنعتی روابط بہتر ہوں گے اور پائیدار معاشی ترقی کو تقویت حاصل ہوگی۔ ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے منصوبے کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے اس تجویز پر مثبت انداز میں غور کرنے کی یقین دہانی کرائی احد چیمہ نے ہنرمند افرادی قوت کی تیاری، دیہی علاقوں میں انٹرنیٹ انفراسٹرکچر کی بہتری، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ، بڑے ترقیاتی منصوبوں کی معیاری فزیبلٹی اسٹڈیز اور گندھارا تہذیب سمیت سیاحتی مقامات کے تحفظ و ترقی میں جائیکا کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔ جائیکا کے صدر نے ان تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت جامع معاشی اصلاحات کے ذریعے طویل المدتی معاشی استحکام اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے پرعزم ہے، جبکہ آئی ایم ایف پروگرام کے تحت پاکستان کی پیش رفت اطمینان بخش رہی ہے اور معاشی اشاریے مسلسل بہتر ہو رہے ہیں ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے حکومت کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جائیکا پاکستان کے ساتھ انفراسٹرکچر، انسانی وسائل کی ترقی، ڈیجیٹل تبدیلی، سیاحت اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے۔ ملاقات میں دونوں ممالک نے ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور پائیدار و جامع معاشی ترقی کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment