لاہور (پی پی اے) عظیم صوفی بزرگ حضرت داتا گنج بخش حضرت علی ہجویریؒ کے 983ویں سالانہ عرس کی تین روزہ تقریبات خصوصی دعا کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئیں اختتامی تقریب میں ملک و قوم کی ترقی سلامتی استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں عرس کے دوران قرأت، نعت خوانی اور محافلِ سماع کا سلسلہ عروج پر رہا، جبکہ تیسرے روز بھی زائرین کی بڑی تعداد نے مزار پر حاضری دی فاتحہ خوانی کی اور پھولوں کی چادریں چڑھائیں تقریبات کے پہلے اور دوسرے روز بھی اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک سے آنے والے ہزاروں عقیدت مندوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا زائرین کی خدمت کے لیے دودھ کی سبیل اور نذر و نیاز کی تقسیم چوبیس گھنٹے جاری رہی جبکہ عقیدت مندوں نے مزار پر تبرک بھی تقسیم کیا۔ عرس کے موقع پر لگائے گئے مختلف اشیا کے سٹالز پر بھی زائرین کی بڑی تعداد نے خریداری کی پنجاب حکومت کی جانب سے عرس کے موقع پر لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ سکیورٹی کے پیشِ نظر داتا دربار جانے والے تمام اہم راستوں کو کنٹینرز اور خار دار تاریں لگا کر بند رکھا گیا۔ ٹاؤن ہال بلال گنج اور کربلا گامے شاہ کی جانب جانے والے راستے بھی مکمل طور پر سیل کیے گئے تاکہ زائرین کی حفاظت اور امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے