اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان جاپان اور جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی جائیکا کے ساتھ سات دہائیوں پر محیط دیرینہ شراکت داری کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ٹیم ورک کے ذریعے مشکل معاشی چیلنجز پر قابو پالیا ہے اور اب پائیدار معاشی ترقی کے لیے اصلاحات کا عمل تیزی سے جاری ہے جس کے نتیجے میں صرف تین برس میں سرکاری محصولات دوگنا ہوگئے ہیں یہ بات انہوں نے بدھ کو جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو کی سربراہی میں 9 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی ملاقات میں وفاقی وزرا احسن اقبال احد خان چیمہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک حنیف عباسی سردار اویس احمد خان لغاری شزا فاطمہ خواجہ معاونین خصوصی سید طارق فاطمی ہارون اختر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ جائیکا کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر تکنیکی تربیت اور باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا خواتین کو بااختیار بنانا اور معدنیات کے شعبے کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں جبکہ ان شعبوں میں جائیکا کے تکنیکی تعاون کا خیرمقدم کیا جائے گا
انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے فروغ کے لیے سمیڈا میں اصلاحات کی گئی ہیں اور جائیکا کا تعاون برآمدات میں اضافے اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا وزیراعظم نے جاپان میں حالیہ زلزلے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا جس پر جائیکا کے صدر ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے اظہارِ ہمدردی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہا ڈاکٹر تاناکا آکی ہیکو نے کہا کہ جائیکا صحت تعلیم شہری و دیہی ترقی فنی و تکنیکی تربیت اور صنعتی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے تیار ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی ترقیاتی ترجیحات کے مطابق تعاون مزید مضبوط بنایا جائے گا جبکہ جاپان سمیت عالمی برادری مشرقِ وسطیٰ میں امن کے لیے پاکستان اور اس کی قیادت کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے