مون سون کی بارشیں پھلدار باغات کی نشوونما کے لیے انتہائی مفید قرار بارش کے زائد پانی کی فوری نکاسی اور بیماریوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (پی پی اے) محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈائریکٹر چوہدری خالد محمود نے کہا ہے کہ مون سون کی بارشیں پھلدار پودوں کی بہتر نشوونما کے لیے نہایت مفید ہیں کیونکہ بارش کا پانی ٹیوب ویل کے پانی کی نسبت زیادہ مؤثر ہوتا ہے اور جڑوں کے ذریعے جذب ہو کر غذائی اجزا کو پودے کے مختلف حصوں تک پہنچاتا ہے انہوں نے کہا کہ اس وقت پھلدار پودے نشوونما کے حساس مراحل سے گزر رہے ہیں اس لیے ضروری ہے کہ گرم موسم میں انہیں پانی کی کمی کا سامنا نہ ہو ان کے مطابق بارش کے دوران پودے اپنے مساموں کے ذریعے نائٹروجن جذب کرتے ہیں جس سے ان کی بڑھوتری میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ بارش سے پتے صاف ہونے کے باعث ضیائی تالیف کا عمل بھی بہتر انداز میں انجام پاتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ وقفے وقفے سے ہونے والی بارشوں سے دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی آتی ہے جو پھلدار پودوں کی نشوونما کے لیے سازگار ثابت ہوتی ہےچوہدری خالد محمود نے باغبانوں کو ہدایت کی کہ موسمِ برسات میں باغات کی خصوصی دیکھ بھال کریں ضرورت سے زیادہ آبپاشی سے گریز کریں اور بارش کے زائد پانی کی فوری نکاسی کا مؤثر انتظام یقینی بنائیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بارش کا پانی 24 گھنٹے سے زائد عرصے تک پودوں کے تنوں کے قریب کھڑا رہے تو جڑوں تک ہوا کی رسائی بند ہو جاتی ہے جس سے جڑیں گلنے لگتی ہیں اور باغات تیزی سے تباہی کی جانب بڑھ سکتے ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ زیادہ بارشوں کی صورت میں پودوں کے زخمی تنے پانی میں ڈوبے رہنے سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو سکتے ہیں لہٰذا ایسے حصوں پر مینکوزیب یا کاپر آکسی کلورائیڈ پھپھوند کش ادویات کا پیسٹ لگایا جائے انہوں نے بیماری سے متاثرہ پودوں پر کاپر آکسی کلورائیڈ 2.5 گرام فی لیٹر پانی کے حساب سے یا نئی کیمسٹری پر مبنی مؤثر پھپھوند کش ادویات کا سپرے کرنے کی بھی سفارش کی

Comments (0)
Add Comment