اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی سے پاکستان میں سپین کے سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا نے بدھ کو وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت میں ملاقات کی، جس میں ثقافت، ورثے کے تحفظ، آثارِ قدیمہ، عجائب گھروں، ادب، تعلیم اور ثقافتی سفارت کاری کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا وفاقی وزیر نے سپین کے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپین کے ساتھ تاریخی اور ثقافتی تعلقات کو بے حد اہمیت دیتا ہے اور ورثے کے تحفظ، آثارِ قدیمہ کی تحقیق، عجائب گھروں کی ترقی ادبی تبادلوں ثقافتی میلوں اور تعلیمی شراکت داری کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے انہوں نے کہا کہ ثقافت اقوام کے درمیان ہم آہنگی، عوامی روابط اور عالمی امن کے فروغ کا مؤثر ذریعہ ہے
اورنگزیب خان کھچی نے بارسلونا کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے سپین کے ثقافتی ورثے مہمان نوازی اور طرزِ تعمیر کو سراہا اور کہا کہ سپین میں مقیم پاکستانی برادری دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے انہوں نے 2007ء میں پاکستان اور سپین کے درمیان طے پانے والی ثقافتی تعلیمی اور سائنسی تعاون کی مفاہمتی یادداشت کا حوالہ دیتے ہوئے نئی مفاہمتی یادداشت پر بھی مذاکرات کی تجویز دی وفاقی وزیر نے علامہ محمد اقبال کی تصانیف کے ہسپانوی تراجم گندھارا تہذیب، آثارِ قدیمہ کے مشترکہ منصوبوں عجائب گھروں کی ترقی، ماہرین کی تربیت ثقافتی میلوں ادبی تراجم اور تعلیمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا انہوں نے سپین کے سفیر کو سالانہ لوک میلہ اور پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس پی این سی اے کے دورے کی دعوت بھی دی سپین کے سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا نے پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک آثارِ قدیمہ ورثے کے تحفظ عجائب گھروں تعلیم اور ادبی تبادلوں کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے انہوں نے گندھارا تہذیب ٹیکسلا اور پشاور کے عجائب گھروں کی تعریف کی اور بتایا کہ علامہ محمد اقبال کی فلسفیانہ تصانیف کے ہسپانوی تراجم پر کام جاری ہے ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور سپین کے درمیان ثقافتی تعاون کو عملی شکل دینے ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور دیرینہ دوستانہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے لیے باقاعدہ رابطے اور مشترکہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے