یومِ استحصالِ کشمیر اسحاق ڈار کا کشمیریوں سے غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدامات غیر قانونی اقوامِ متحدہ کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کے لیے کردار ادا کرے نائب وزیراعظم

اسلام آباد (پی پی اے) نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کو اپنے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر میں یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے ذریعے خطے کی بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازع حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش کی تاہم یہ اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے باعث کشمیری عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے فروغ کی کوششیں بھی پیچیدہ ہو گئی ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان آج کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کے عوام اپنے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں جبکہ پاکستان ان کے جائز حقوق کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا انہوں نے بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوامِ متحدہ پر زور دیا کہ وہ بین الاقوامی قانون انسانی حقوق اور سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے اور بھارت کو ایسے غیر قانونی اقدامات سے باز رکھنے کے لیے عملی اقدامات کرے جو جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کے منافی ہیں نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان مسلسل بھارت سے مطالبہ کرتا آیا ہے کہ وہ ایسے اقدامات سے گریز کرے جو تنازعہ کشمیر کے پرامن حل میں رکاوٹ بنتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام اسی وقت ممکن ہے جب جموں و کشمیر کا تنازع کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ پاکستان ہر بین الاقوامی فورم پر کشمیری عوام کی آواز بلند کرتا رہے گا ان کی قربانیوں، ثابت قدمی اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور ان کے حقِ خودارادیت کے حصول تک اپنی غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا

Comments (0)
Add Comment