ریلوے پولیس کے پے اسکیلز اپ گریڈ، وفاقی وزیر کی منظوری کانسٹیبل سے اے ایس آئی تک اسکیلز میں اضافہ، فورس کا دیرینہ مطالبہ منظور ہوگیا

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے ریلوے پولیس کے کانسٹیبل سے اے ایس آئی تک کے پے اسکیلز کو دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مساوی کرتے ہوئے اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کانسٹیبل کا پے اسکیل بی پی ایس-5 سے بڑھا کر بی پی ایس-7، ہیڈ کانسٹیبل کا بی پی ایس-7 سے بی پی ایس-9 اور اے ایس آئی کا بی پی ایس-9 سے بی پی ایس-11 کر دیا گیا ہے. ریلوے پولیس کے افسران اور جوانوں کا یہ دیرینہ مطالبہ تھا۔ حکام کے مطابق پے اسکیلز میں یہ اہم پیش رفت وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ادارہ جاتی اصلاحات کے وژن اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی مسلسل کاوشوں کے نتیجے میں ممکن ہوئی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے کی ہدایت پر ریلوے پولیس میں مکمل میرٹ پر نئی بھرتیاں بھی کی گئی تھیں، جس سے فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا. آئی جی ریلوے پولیس نے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس تاریخی اقدام سے فورس کے افسران اور جوانوں کا حوصلہ مزید بلند ہوگا اور ان کی پیشہ ورانہ کارکردگی میں بہتری آئے گی انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ریلوے پولیس ملک بھر میں مسافروں، عوام کے جان و مال اور ریلوے تنصیبات کے تحفظ کی ذمہ داری مؤثر انداز میں نبھا رہی ہے

Comments (0)
Add Comment