مظفرآباد (پی پی اے) آزاد جموں و کشمیر میں جاری عام انتخابات کے تیسرے مرحلے کے دوران امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر ضلع پونچھ اور ضلع پلندری میں 10 اگست کو ہونے والی پولنگ ملتوی کر دی گئی ہے. الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق ضلع پونچھ اور ضلع پلندری کے انتخابی حلقوں میں 10 اگست کو پولنگ نہیں ہوگی جبکہ ضلع باغ کے تین اور ضلع حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں پولنگ پہلے سے جاری شیڈول کے مطابق 10 اگست کو ہی ہوگی ترجمان نے بتایا کہ انتخابات ملتوی کرنے کا فیصلہ امن و امان کی صورتحال بعض سیاسی شخصیات اور امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی درخواستوں اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابات کی نئی تاریخ اور نظرثانی شدہ شیڈول حالات کا جائزہ لینے کے بعد مناسب وقت پر جاری کیا جائے گا۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ آزادانہ منصفانہ شفاف اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے.دوسری جانب قبل ازیں الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیا تھا جن میں پونچھ ڈویژن میں انتخابات ملتوی ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں امن و امان کی صورتحال کے باعث باضابطہ طور پر پونچھ اور پلندری کے حلقوں میں پولنگ ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا گیا. واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات کے پہلے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں جبکہ تیسرے مرحلے کے بعض حلقوں میں امن و امان کی صورتحال کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوا ہے