پاکستان، بیلاروس نے تجارتی و اقتصادی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا جام کمال بیلاروسی سفیر کی ملاقات تجارت سرمایہ کاری، روزگار اور مالی تعاون پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بیلاروس کے سفیر آندرے میتیلیتسا نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اقتصادی تعلقات تجارت، سرمایہ کاری اور پاکستان بیلاروس مشترکہ وزارتی کمیشن کے آئندہ اجلاس کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا وزارت تجارت کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور بیلاروس کے صدر کے درمیان خوشگوار تعلقات نے دونوں ممالک کے باہمی روابط کو مزید مستحکم کیا ہے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کی نئی راہیں کھولی ہیں. ملاقات میں دوطرفہ تجارتی لین دین کو آسان بنانے کے لیے محفوظ اور قابلِ قبول مالیاتی نظام مقامی کرنسی میں ادائیگیوں اور دیگر متبادل انتظامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اس مقصد کے لیے متعلقہ مالیاتی اداروں اور تکنیکی ماہرین کے درمیان مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا. فریقین نے زراعت کھاد انجینئرنگ مصنوعات ٹریکٹرز بھاری مشینری توانائی اور غذائی اجناس کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع پر بھی گفتگو کی۔ بیلاروس کے سفیر نے بتایا کہ ان کے ملک میں پاکستانی ہنر مند کارکنوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور مزید افرادی قوت کی طلب بھی موجود ہے۔دونوں ممالک نے پاکستانی کارکنوں کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے، شفاف بھرتی، مہارتوں کے مؤثر استعمال اور ادارہ جاتی سطح پر قریبی تعاون کو فروغ دینے پر بھی اتفاق کیا۔ وفاقی وزیر تجارت نے بیلاروس کی انجینئرنگ اور صنعتی مہارت، خصوصاً ٹریکٹرز، ٹرکوں اور زرعی مشینری کی تیاری کو سراہتے ہوئے ان شعبوں میں تعاون کی بحالی کا خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں بیلاروس کے وزیر کے متوقع دورۂ پاکستان اور مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس کی تیاریوں پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا

Comments (0)
Add Comment