اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے ساحلی برادریوں کے روایتی ماحولیاتی علم کو زیادہ سے زیادہ تسلیم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے موسمیاتی موافقت سمندری تحفظ اور پائیدار ماہی گیری کو تقویت مل سکتی ہے
وزارت بحری امور کی جانب سے اقوام متحدہ کے 2026 کے موضوع کے تحت مقامی افراد کے عالمی دن کے موقع پر جاری بیان میں وفاقی وزیر نے روایتی اور مقامی علمی نظام کی اہمیت اور نسل در نسل منتقلی کو اجاگر کیا انہوں نے کہا کہ روایتی ساحلی برادریوں نے لہروں ماہی گیری کے میدانوں سمندری انواع موسم کے نمونوں مینگرووز اور ساحلی ماحولیاتی نظام سے متعلق قیمتی علم نسلوں تک منتقل کیا ہے یہ علم محض ماضی کی میراث نہیں بلکہ ایک زندہ وسیلہ ہے جو موسمیاتی لچک، پائیدار ماہی گیری اور سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ کراچی اور دریائے سندھ کے ڈیلٹا سے گوادر اور جیوانی تک ساحلی کمیونٹیز ماہی گیری مینگرووز دلدلی علاقوں اور دیگر سمندری وسائل پر انحصار کرتی ہیں کراچی کی ساحلی بستیوں کو شہری پھیلاؤ آلودگی اور رہائش گاہوں کی تباہی کے دباؤ کا سامنا ہے جبکہ دریائے سندھ کے ڈیلٹا کی کمیونٹیز میٹھے پانی کی قلت کٹاؤ اور ماہی گیری میں تبدیلی جیسے مسائل سے دوچار ہیں
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل پر سونمیانی اورماڑہ پسنی گوادر اور جیوانی کی روایتی ماہی گیر برادریوں کو بھی مختلف چیلنجز درپیش ہیں مقامی ماہی گیروں کو سمندری طوفانوں ہواؤں ماہی گیری کے موسم اور سمندری انواع میں تبدیلیوں کا تفصیلی علم حاصل ہے جسے سائنسی تحقیق کے ساتھ مربوط کرکے ماہی گیری کے بہتر انتظام ماحولیاتی نظام کی بحالی اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی تیاری کو بہتر بنایا جاسکتا ہے انہوں نے کہا کہ جدید سائنس اور روایتی ماحولیاتی علم کو ایک دوسرے کی تکمیل کرنی چاہیے کیونکہ نسلوں سے سمندر کے ساتھ رہنے والی کمیونٹیز اپنے ماحول میں ہونے والی تبدیلیوں کو ایسے طریقوں سے سمجھتی ہیں جو رسمی موسمیاتی اور سمندری پالیسیوں کو مزید مؤثر بنا سکتے ہیں محمد جنید انوار چوہدری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سمندری درجہ حرارت مچھلیوں کی تقسیم بارشوں نمکیات ساحلی کٹاؤ اور شدید موسمی حالات میں تبدیلی کے ذریعے روایتی طرزِ معاش کو متاثر کررہی ہے۔ انہوں نے کمیونٹی کی بنیاد پر موافقت کے اقدامات، مؤثر قبل از وقت انتباہی نظام موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ ساحلی بنیادی ڈھانچے اور پائیدار ماہی گیری کے انتظام پر زور دیا وفاقی وزیر نے ساحلی برادریوں کو قدرتی وسائل سے متعلق فیصلوں میں شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تحفظ کی پالیسیاں اس وقت زیادہ مؤثر ہوں گی جب مقامی لوگوں کو شراکت دار بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ پاکستان کی نیلی معیشت کو ماحولیاتی تحفظ سے الگ نہیں کیا جاسکتا صحت مند سمندر مضبوط ساحلی ماحولیاتی نظام اور بااختیار کمیونٹیز پائیدار بحری ترقی کے لیے ناگزیر ہیں حکومت ساحلی لچک مضبوط بنانے کے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کی بحری اور موسمیاتی پالیسی میں روایتی علم اور کمیونٹی کی مؤثر شرکت کو یقینی بنایا جاسکے