محسن نقوی کا لاہور ایئرپورٹ پر امیگریشن کاؤنٹرز کھلے رکھنے کا حکم مکمل دستاویزات والے مسافروں کو سہولت، غیر ضروری تاخیر ختم کی جائے، محسن نقوی

لاہور (پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کا دورہ کیا اور مسافروں کے امیگریشن عمل کا جائزہ لیا انہوں نے امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے امیگریشن کے عمل اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا وفاقی وزیر نے امیگریشن کے منتظر مسافروں سے بھی ملاقات کی اور ان سے امیگریشن کے عمل میں لگنے والے وقت کے بارے میں پوچھا مسافروں نے بتایا کہ امیگریشن کے عمل میں تقریباً 30 منٹ لگ رہے ہیں اور انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے وزیر داخلہ نے مسافروں کی شکایت کا فوری نوٹس لیتے ہوئے امیگریشن کے عمل کو تیز کرنے کے لیے ایئرپورٹ پر تمام کاؤنٹرز کھلے رکھنے کے احکامات جاری کیے انہوں نے کہا کہ تمام کاؤنٹرز کھلے ہونے سے امیگریشن میں تاخیر نہیں ہوگی اور مسافروں کو زیادہ سہولت میسر آئے گی وزیر داخلہ نے مسافروں کو یقین دہانی کرائی کہ امیگریشن کے عمل کو مزید تیز اور مؤثر بنایا جائے گا اور مسافروں کو غیر ضروری انتظار کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اس موقع پر ایک مسافر نے ایجنٹ کی جانب سے رقم لینے کی شکایت بھی کی۔ وزیر داخلہ نے شکایت کا موقع پر ہی نوٹس لیتے ہوئے معاملہ ڈائریکٹر ایف آئی اے کے سپرد کردیا اور متعلقہ ایجنٹ کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے وزیر داخلہ نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ نامکمل سفری دستاویزات پر کسی کو سفر کی اجازت ہرگز نہ دی جائے جبکہ مکمل دستاویزات رکھنے والے کسی مسافر کو سفر سے نہ روکا جائے انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے امیگریشن کا عمل آسان اور تیز ہوا ہے جبکہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والوں کے خلاف شکنجہ مزید سخت کیا جا رہا ہے مکمل سفری دستاویزات رکھنے والے مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے اور انہیں بلاوجہ مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے

Comments (0)
Add Comment