اسلام آباد (پی پی اے) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے انتخابی عمل میں بھرپور شرکت کرکے اپنا جمہوری حق استعمال کیا اور مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت مل رہی ہے انتخابی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد حکومت سازی کا عمل شروع ہوگا اور آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہوگا پیر کو آزاد جموں و کشمیر کونسل اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ باغ اور حویلی میں پولنگ پرامن انداز میں جاری ہے بعض پولنگ اسٹیشنز پر معمولی نوعیت کے واقعات کے باوجود سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرکے انتخابی عمل بحال کرایا انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور سدھنوتی میں دھرنوں کے باعث ان حلقوں میں ضمنی انتخابات ہوں گے آزاد کشمیر اور وفاقی حکومت نے دھرنا دینے والوں کو وقت دینے کا فیصلہ کیا انہیں احتجاج ختم کرنا چاہئے تاکہ باقی نشستوں پر بھی انتخابات مکمل ہوسکیں منتخب حکومت جائز مطالبات پر عمل کرے گی اور معاملات جمہوری انداز میں حل کیے جائیں گے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کا کوئی ٹھوس ثبوت سامنے نہیں آیا پیپلز پارٹی کسی جگہ بھی دھاندلی کا ثبوت نہیں دے سکی جہاں اس کا امیدوار کامیاب ہو وہاں سب ٹھیک قرار دیا جاتا ہے اور جہاں دوسرا امیدوار کامیاب ہو وہاں دھاندلی کا الزام عائد کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ حویلی کے ایک پولنگ اسٹیشن پر واقعہ پیش آیا جس کے بعد اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور پولنگ دوبارہ شروع کرائی گئی جبکہ باغ کے ایک پولنگ اسٹیشن پر بھی پولنگ روکنے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مبینہ طور پر پیپلز پارٹی کے امیدوار ضیاء قمر پولنگ کا عمل روکنے میں ملوث تھے
مشیر وزیراعظم نے بتایا کہ نارہ کوٹ میں ایک شخص کو دل کا دورہ پڑنے سے موت واقع ہوئی اس کے علاوہ کوئی بڑا واقعہ رپورٹ نہیں ہوا اور سکیورٹی فورسز اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دے رہی ہیں انہوں نے مرحلہ وار انتخابات پر پیپلز پارٹی کے اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کی تھی اور پیپلز پارٹی بھی مرحلہ وار انتخابات پر متفق تھی۔ میرپور ڈویژن میں شکست سے قبل پیپلز پارٹی نے مرحلہ وار انتخابات کے خلاف کوئی اعتراض نہیں کیا تھا رانا ثناء اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں برادری نظام مضبوط ہے، اسی وجہ سے بعض علاقوں میں زیادہ پولنگ ہوئی انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں دھاندلی کا شور مچایا جا رہا تھا وہاں پیپلز پارٹی کے امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان کے انتخابات میں جمہوری فراخدلی کا مظاہرہ کیا اب پیپلز پارٹی کو بھی مسلم لیگ (ن) کی کامیابی پر مبارکباد دینی چاہئے انہوں نے کہا کہ دھرنا دینے والے اپنے مقصد میں ناکام ہوچکے ہیں اور انہیں خود کو قانون کے حوالے کرنا چاہئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اگر آزاد کشمیر یا وفاقی حکومت فیصلہ کرتی کہ دھرنا ختم کراکے وہاں انتخابات کرائے جائیں تو یہ مشکل کام نہیں تھا تاہم دھرنے میں بچوں اور خواتین کو ڈھال بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اس معاملے کو بہتر انداز میں حل کرنے کی پوزیشن میں ہے اور وفاقی حکومت منتخب حکومت کے فیصلوں کی مکمل حمایت کرے گی انہوں نے دعویٰ کیا کہ مسلم لیگ (ن) کو دو تہائی اکثریت مل رہی ہے، چار نشستوں میں سے دو پر کامیابی کی امید ہے جبکہ پورے پونچھ ڈویژن سے چھ سے سات نشستیں مل سکتی ہیں مخصوص نشستیں شامل کرکے مسلم لیگ (ن) کو تقریباً 30 ارکان کی حمایت حاصل ہونے کی توقع ہے وفاقی وزیر برائے امور کشمیر گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی صبح سے ہی دھاندلی کا شور مچا رہی ہے عوام نے ان کے وعدوں اور کارکردگی پر یقین نہیں کیا سیاسی جماعتوں کو اپنی خامیوں اور کمزوریوں کو دور کرنا چاہئے امیر مقام نے آزاد کشمیر کے عوام کا اپنی اور پارٹی کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگوں کا ووٹ کے لیے نکلنا ریاست کی کامیابی ہے عوام کی مرضی ہے کہ وہ کس جماعت کو ووٹ دیتے ہیں سیاسی جماعتوں کو عوامی فیصلے کا احترام کرنا چاہئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے پنجاب سے پولیس آنے کا اعتراض سمجھ سے بالاتر ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے بھی سندھ اور دیگر علاقوں سے اپنے لوگوں کو بلایا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ انتخابی عمل کے اس مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کامیابی حاصل کرے گی دھرنا دینے والوں سے مخاطب ہوتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ ان کی وجہ سے متعلقہ حلقوں کے نمائندے اسمبلی سے باہر ہیں حکومت دوبارہ مذاکرات کے لیے بیٹھنے کو تیار ہے ملکی مفاد میں ہم سب ایک ہی کشتی کے سوار ہیں