اسلام آباد (پی پی اے) رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ آئین میں دی گئی ضمانتوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے ہمیں قائداعظم کی تصویر اور تقریروں کے بجائے ان کے نظریات اور سوچ پر عمل کرنا ہوگا ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹرین کمیشن فار ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام قومی اقلیتی دن کے موقع پر نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا ریاض فتیانہ نے کہا کہ 11 اگست محض ایک علامتی دن نہیں بلکہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے اس تصور کی یاد دہانی ہے جس کے مطابق پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب اور عبادت کے حوالے سے مکمل آزادی حاصل ہونی چاہیے اگر ہم قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں تو صرف ان کی تصویر اور تقریروں تک محدود رہنے کے بجائے ان کے نظریات اور سوچ پر بھی عمل کرنا ہوگا انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان قائداعظم کی 11 اگست کی تقریر اور 1973 کا آئین تمام شہریوں کے مساوی حقوق کی ضمانت فراہم کرتے ہیں آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت تمام شہری قانون کی نظر میں برابر ہیں اس لیے اقلیتوں کو تحفظ اور مساوی مواقع فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے. ریاض فتیانہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 2014 کے فیصلے میں بھی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ریاست کو واضح رہنمائی دی گئی تھی۔ حکومت کو چاہیے کہ اقلیتوں کے حقوق سے متعلق موجود قوانین اور اداروں کو مؤثر بنائے اور ان پر فوری عملدرآمد یقینی بنائے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مذہبی تعصب اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے تعلیم برداشت باہمی احترام اور مذہبی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہوگا مختلف مذاہب اور مسالک سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لیے مشترکہ سرگرمیوں کلبز اور ایسوسی ایشنز کو فروغ دینا بھی ضروری ہے. سینیٹر کامران مائیکل نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے متعدد قوانین موجود ہیں لیکن اصل مسئلہ ان قوانین پر مکمل عملدرآمد کا ہے ہندو میرج بل اور مسیحی شادی سے متعلق قانون سازی ہوچکی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ موجود قوانین کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے انہوں نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے صرف پارلیمنٹیرینز ہی نہیں بلکہ معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا معاشرتی رویوں میں تبدیلی کے بغیر قانون سازی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کیے جاسکتے مذہبی رہنماؤں کو بھی اپنے خطبات اور پیغامات کے ذریعے محبت اخوت برداشت اور احترام کا درس دینا چاہیے. کامران مائیکل کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سبز و سفید پرچم اس بات کی علامت ہے کہ اس ملک میں مسلمان اور غیر مسلم سب برابر کے شہری ہیں سفید رنگ اقلیتوں کی نمائندگی کرتا ہے اور اس کی حرمت و حفاظت بھی ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے نئی نسل کو ایسا پاکستان دینا ہوگا جہاں ہر بچہ اپنی صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھ سکے اور ملک کی ترقی میں کردار ادا کرے چوہدری شفیق نے کہا کہ 11 اگست اقلیتی برادریوں کے لیے خوشی کے ساتھ ساتھ احتساب کا دن بھی ہے اس دن پارلیمنٹ میں موجود نمائندوں سے یہ سوال کیا جانا چاہیے کہ انہوں نے اقلیتوں کے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے عملی طور پر کیا اقدامات کیے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آزادی اور تعمیر میں اقلیتی برادریوں نے بھی نمایاں کردار ادا کیا، مگر بدقسمتی سے وقت گزرنے کے ساتھ ان کی خدمات کو فراموش کیا گیا پاکستان کسی ایک مذہب یا برادری کا نہیں بلکہ تمام پاکستانیوں کا ملک ہے مسیحی ہندو سکھ اور دیگر اقلیتی برادریاں اپنی مذہبی شناخت کے ساتھ ساتھ سب سے پہلے پاکستانی ہیں اور ملک کی سلامتی بقا اور استحکام کے لیے ہمیشہ اپنا کردار ادا کرتی رہی ہیں پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے قائداعظم محمد علی جناح کا تصور واضح تھا ریاست میں رہنے والے تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں اور یہی قائداعظم کے پاکستان کی اصل روح ہے. انہوں نے کہا کہ نیشنل پریس کلب کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ گزشتہ 18 برس سے مسیحی صحافیوں کے ساتھ کرسمس کی تقریبات منعقد کرتا آرہا ہے۔ کرسمس کے موقع پر مسیحی صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کو نیشنل پریس کلب میں مدعو کیا جاتا ہے، ان کے بچوں کے لیے پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں اور انہیں یہ احساس دلایا جاتا ہے کہ وہ اس ملک اور معاشرے کا برابر حصہ ہیں۔ افضل بٹ نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی صرف تقریروں اور نعروں سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے فروغ پاتی ہے اور اس کا آغاز اپنے گھر اور اداروں سے ہونا چاہیے. سیمینار سے رکن قومی اسمبلی ریاض فتیانہ سینیٹر کامران مائیکل چوہدری شفیق پنڈت راکیش چند افضل بٹ اور وزیراعظم یوتھ پروگرام پنجاب کے فوکل پرسن وحید جاوید ایڈووکیٹ سمیت دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا تقریب میں طارق چوہدری سحرش قریشی طارق ورک بلال ڈار سمیت سینئر پارلیمنٹیرینز اقلیتی حقوق کے رہنماؤں صحافیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی مقررین نے کہا کہ 11 اگست پاکستان میں بسنے والی غیر مسلم برادریوں کی ملکی ترقی تعمیر اور استحکام میں خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، تاہم اقلیتوں کے حقوق اور ان کے مسائل صرف ایک دن تک محدود نہیں ہونے چاہئیں. مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بسنے والی تمام مذہبی برادریوں کے درمیان باہمی احترام برداشت محبت اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے اجتماعی کوششیں جاری رکھی جائیں گی. تقریب کے دوران بچیوں نے خوبصورت آواز میں ملی نغمے پیش کیے جس سے تقریب کا ماحول مزید خوشگوار اور حب الوطنی کے جذبات سے بھرپور ہوگیا