سیالکوٹ ( پی پی اے) محکمہ زراعت نے بند گوبھی کے کاشتکاروں کو بہتر پیداوار کے حصول کے لیے فصل کی مناسب دیکھ بھال کی ہدایت کی ہے ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے کہا ہے کہ بند گوبھی کی فصل کی بوائی کے ابتدائی مرحلے میں ایک ہفتے کے وقفے سے 2 سے 3 مرتبہ آبپاشی کی جائے جبکہ بعد ازاں آبپاشی کا وقفہ بڑھا کر 15 روز کردیا جائے تاکہ بیج کے اگاؤ اور پودوں کی بہتر نشوونما میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے انہوں نے پیر کو میڈیا کو بتایا کہ فصل سے جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی بھی انتہائی ضروری ہے، جس کے لیے بروقت گوڈی کی جائے اور پودوں پر مٹی چڑھائی جائے تاکہ فصل کا اگاؤ اور بڑھوتری متاثر نہ ہو ترجمان نے کہا کہ جڑی بوٹیوں کی تلفی کے دوران اگر کوئی پودا مرا ہوا نظر آئے تو اسے نکال کر اس کی جگہ نیا پودا لگا دینا چاہیے تاکہ وقت پانی کھاد اور زرعی ادویات کے غیر ضروری استعمال سے بچا جا سکے