لاہور (پی پی اے) مقبول احمد جٹ کو کسان بورڈ لاہور کا چیئرمین مقرر کردیا گیا، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مقبول احمد جٹ نے کہا کہ کسانوں کا زراعت اور ملکی معیشت کی ترقی میں بنیادی کردار ہے کسان زراعت کے شعبے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں کسان کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی صورت میں ٹیکس ادا کرتے ہیں اور ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے کسانوں کو اپنی پیداوار میں اضافہ کرنا ہوگا، کیونکہ کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان خوشحال ہوگا۔ مقبول احمد جٹ نے کہا کہ وہ اپنی قیادت کے مشکور ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کرتے ہوئے اہم ذمہ داری سونپی۔ وہ قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے اور ان شاء اللہ اپنے کسان بھائیوں کے حقوق کا تحفظ کریں گے. انہوں نے کہا کہ کسان بورڈ کا مقصد کسانوں کے بنیادی حقوق کا تحفظ اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا ہے۔ کسانوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اس موقع پر مقبول احمد جٹ اور چوہدری کرامت علی جٹ کی جانب سے کسان کنونشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں کسانوں کی مرکزی صوبائی اور لاہور کی قیادت نے شرکت کی. وزیراعلیٰ پنجاب کی مشیر سلمیٰ بٹ نے بطور مہمان خصوصی کنونشن میں شرکت کی