اسلام آباد (پی پی اے) پاکستان میں پیاز کی فی ہیکٹر پیداوار عالمی اوسط کے مقابلے میں تقریباً 70 فیصد ہے جبکہ پیاز پیدا کرنے والے دیگر ممالک اپنی مجموعی پیداوار کا 7.5 فیصد برآمد کرتے ہیں، اس کے مقابلے میں پاکستان کی برآمدی شرح صرف 2.5 فیصد ہے پلاننگ کمیشن آف پاکستان کی اونین کلسٹر فیزیبلٹی اینڈ ٹرانسفارمیشن اسٹڈی کے مطابق 2016ء تک ملک میں ایک لاکھ 39 ہزار ہیکٹر رقبے پر پیاز کاشت کی جاتی تھی اور مجموعی پیداوار 1.74 ملین ٹن تھی بعد ازاں ملکی پیداوار میں سالانہ اتار چڑھاؤ جاری رہا اور پیاز کی پیداوار 1.8 سے 2.2 ملین ٹن کے درمیان رہی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پیاز کے مجموعی زیرِ کاشت رقبے کا تقریباً 38 فیصد سندھ جبکہ 21 فیصد بلوچستان میں ہے۔ مجموعی قومی پیداوار میں سندھ کا حصہ 44 فیصد اور بلوچستان کا 33 فیصد ہے پیاز کی پیداوار کے لحاظ سے سندھ پہلے بلوچستان دوسرے پنجاب تیسرے جبکہ خیبر پختونخوا چوتھے نمبر پر ہے آلو کے بعد پیاز پاکستان میں استعمال ہونے والی دوسری بڑی سبزی ہے جس کی سالانہ کھپت کا تخمینہ تقریباً 1.8 ملین ٹن لگایا گیا ہے رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں تقریباً 5.2 ملین ہیکٹر رقبے پر پیاز کاشت کی جاتی ہے جہاں سے 9.8 ملین ٹن پیداوار حاصل ہوتی ہے پاکستان میں فی ہیکٹر پیداوار عالمی اوسط کے مقابلے میں تقریباً 70 فیصد ہے اعداد و شمار کے مطابق پیاز پیدا کرنے والے ممالک اپنی مجموعی پیداوار کا اوسطاً 7.5 فیصد حصہ برآمد کرتے ہیں جبکہ پاکستان اپنی کل پیداوار کا صرف 2.5 فیصد پیاز برآمد کرتا ہے سٹڈی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان میں پیاز کی برداشت کے بعد تقریباً 30 فیصد پیداوار ضائع ہو جاتی ہے منصوبہ بندی کمیشن نے تجویز دی ہے کہ مناسب ذخیرہ گاہوں، بہتر فارم مینجمنٹ اور برداشت کے بعد مؤثر انتظامی اقدامات کے ذریعے پیاز کے بعد از برداشت نقصانات کو 30 فیصد سے کم کرکے 20 فیصد تک لایا جا سکتا ہے رپورٹ کے مطابق پیاز کی ویلیو ایڈیشن اور برآمدات کے فروغ سے قیمتی زرمبادلہ کے حصول میں اضافہ ممکن ہے جس کے نتیجے میں دیہی معیشت کو فروغ دینے اور کاشتکار طبقے کے معیارِ زندگی میں بہتری لانے میں مدد مل سکتی ہے