کپاس کی سفید مکھی کے تدارک کیلئے محکمہ زراعت پنجاب کی ایڈوائزری جاری . کاشتکار ہفتے میں دو بار پیسٹ سکاوٹنگ جڑی بوٹیوں کا خاتمہ اور بروقت سپرے یقینی بنائیں

لاہور ( پی پی اے) محکمہ زراعت پنجاب نے کپاس کی فصل کو سفید مکھی کے حملے سے محفوظ رکھنے کے لیے کاشتکاروں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔
محکمہ زراعت کے مطابق کپاس کے کاشتکار سفید مکھی کے مؤثر تدارک کے لیے ہفتے میں دو مرتبہ باقاعدگی سے پیسٹ سکاوٹنگ کریں اور کپاس کے کھیتوں کے ساتھ ساتھ اردگرد موجود جڑی بوٹیوں کا فوری خاتمہ یقینی بنائیں۔ اس کے علاوہ متبادل میزبان فصلات پر بھی سفید مکھی کے بروقت کنٹرول کے اقدامات کیے جائیں ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ کاشتکار کپاس کی فصل کو پانی کی کمی کا ہرگز شکار نہ ہونے دیں اور موسمی حالات اور فصل کی ضرورت کے مطابق مناسب وقفوں سے آبپاشی کریں محکمہ زراعت نے سفید مکھی کے کنٹرول کے لیے فی ایکڑ 20 پیلے چپکنے والے کارڈز لگانے کی ہدایت کی ہے، جبکہ ہر 15 روز بعد ان کارڈز پر دوبارہ چپکنے والا گلو لگایا جائے محکمہ زراعت کے مطابق اگر سفید مکھی کے نقصان کی معاشی حد فی پتے 5 بالغ، بچے یا دونوں کی مجموعی تعداد تک پہنچ جائے تو کاشتکار مقامی زرعی ماہرین کے مشورے سے مناسب زرعی زہر کا استعمال کریں کاشتکاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایک ہی کیمسٹری کی زرعی زہروں کے بار بار استعمال سے گریز کریں اور سپرے سے قبل سپرے مشین کی کیلی بریشن لازمی کریں۔ سفید مکھی کے تدارک کے لیے ترجیحاً ہالو کون نوزل یا پاور سپریئر کا استعمال کیا جائے

Comments (0)
Add Comment