اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ہلال احمر پاکستان کے زیر اہتمام عالمی یوم نوجوانان اور بین الاقوامی انسانی قانون کے موقع پر نیشنل ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس کا عنوان بہتر کل کے لیے نوجوان بحیثیت علمبردارِ انسانیت تھا. تقریب میں مختلف ممالک کے سفیروں و سفارتی نمائندوں انسانی ہمدردی و امدادی اداروں انٹرنیشنل فیڈریشن آف ریڈ کراس اینڈ ریڈ کریسنٹ سوسائٹیز انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس نارویجین ریڈ کراس، ترک ریڈ کریسنٹ جرمن ریڈ کراس ہلال احمر پاکستان کے افسران ملازمین اور رضاکاروں نے شرکت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہلال احمر پاکستان کی چیئرپرسن فرزانہ نائیک نے انسانیت کے فروغ انسانی وقار کے تحفظ اور بہتر مستقبل کی تعمیر میں نوجوانوں کے کلیدی کردار کو اجاگر کیا انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان اپنے رضاکاروں کے نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنا رہا ہے اور نوجوانوں کو ضروری علم، مہارت، تربیت اور اعتماد فراہم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ ہنگامی حالات میں اپنی کمیونٹیز کی خدمت اور کمزور طبقات کی معاونت کر سکیں فرزانہ نائیک نے کہا کہ نوجوانوں کو بین الاقوامی انسانی قانون تحفظ اور نقصان دہ معلومات سے نمٹنے سمیت ابھرتے ہوئے انسانی ہمدردی کے چیلنجز کے لیے تیار کیا جا رہا ہے نوجوان آن لائن اور اپنی کمیونٹیز میں انسانیت کے ذمہ دار سفیر بنیں معلومات شیئر کرنے سے پہلے اس کی تصدیق کریں اور تقسیم کے بجائے باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دیں انٹرنیشنل فیڈریشن کے ہیڈ آف ڈیلیگیشن اینڈریاس وان وائسن برگ نے نقصان دہ معلومات کے بڑھتے ہوئے انسانی اثرات پر روشنی ڈالتے ہوئے ورلڈ ڈیزاسٹرز رپورٹ 2026 کا حوالہ دیا انہوں نے کہا کہ نقصان دہ معلومات ایک حقیقی انسانی بحران کی شکل اختیار کر رہی ہیں جو امداد تک رسائی میں رکاوٹ اعتماد میں کمی، سماجی ہم آہنگی کو نقصان اور انسانی امدادی کارکنوں و متاثرہ کمیونٹیز کے لیے خطرات میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے انہوں نے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے آگاہی اور عملی اقدامات کو آگے بڑھانے میں ہلال احمر پاکستان کی قیادت، عملے اور رضاکاروں کے کردار کو سراہا ہلال احمر پاکستان کے سیکریٹری جنرل محمد عبیداللہ خان نے استقبالیہ خطاب میں کہا کہ عالمی یوم نوجوانان اور بین الاقوامی انسانی قانون کے موقع پر تقریب کا انعقاد اس امر کی اہمیت اجاگر کرتا ہے کہ نوجوان انسانیت کے فروغ اور انسانی وقار کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کر سکتے ہیں رضاکار ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ تحریک کی ریڑھ کی ہڈی اور ہلال احمر پاکستان کی اصل طاقت ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوان رضاکار قدرتی آفات سے نمٹنے، ابتدائی طبی امداد صحت سماجی بہبود اور کمیونٹی کی لچک پذیری کے فروغ سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں انہوں نے بین الاقوامی انسانی قانون، ذمہ دارانہ ابلاغ اور موومنٹ پارٹنرز کے مسلسل تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا. تقریب کے دوران بین الاقوامی انسانی قانون کے موضوع پر خصوصی انٹرایکٹو سیشن ہوا جس کی میزبانی پاکستان میں آئی سی آر سی کے قانونی مشیر ایڈووکیٹ عثمان خان نے کی اس موقع پر ریڈ کراس اور ریڈ کریسنٹ تحریک کی تاریخ اور ہلال احمر پاکستان کے معاون کردار پر مبنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی یوتھ مینٹورشپ پروگرام کے رضاکاروں کی تیار کردہ دستاویزی فلمیں پیش کی گئیں جبکہ غلط معلومات اور بحران سے نمٹنے کے عنوان سے ٹیبلو کو شرکاء نے بے حد سراہا تقریب میں یوتھ مینٹورشپ پروگرام کے فارغ التحصیل نوجوانوں میں اسناد تقسیم کی گئیں جبکہ ہلال احمر پاکستان یوتھ کلبز کے نمائندگان کو انسانیت کی خدمت کے اعتراف میں شیلڈز پیش کی گئیں۔ پاک افغان چمن بارڈر پر انسانی خدمات کے مرکز میں خاندانی روابط کی بحالی کے لیے خدمات انجام دینے والے رضاکار عمران شاہ کو بھی خصوصی شیلڈ پیش کی گئی