اسلام آباد (پی پی اے) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے پاکستان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی ہے
آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے، اس عظیم دن کو قومی جذبے جوش و خروش اور ذمہ داری کے ساتھ منایا جائے۔ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جامع اور مربوط سکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا ہے انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی پلان کے تحت 4 ہزار سے زائد افسران و جوان مختلف مقامات پر سکیورٹی اور ٹریفک کے فرائض سرانجام دیں گے پولیس افسران و جوان پٹرولنگ پکٹنگ اور اہم مقامات پر سکیورٹی ڈیوٹیوں پر تعینات رہیں گے تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے سید علی ناصر رضوی نے واضح کیا کہ جشنِ آزادی کے موقع پر ون ویلنگ ہوائی فائرنگ ہلڑ بازی خطرناک ڈرائیونگ یا شہریوں کو تنگ کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔کسی بھی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے یا دوسروں کے لیے خطرہ پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی شہری آزادی کی خوشیاں مناتے ہوئے ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ کسی کی خوشی دوسرے شہری کے لیے پریشانی یا خطرے کا باعث نہ بنے آئی جی اسلام آباد نے کہا کہ پارکوں تفریحی مقامات اور دیگر عوامی مقامات پر آنے والی فیملیز خواتین اور بچوں کے احترام اور سہولت کا خاص خیال رکھا جائے اسلام آباد پولیس شہریوں کی سکیورٹی اور سہولت کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں اور نوجوانوں کو آزادی کی حقیقی اہمیت سے آگاہ کریں اور انہیں قانون کی پاسداری اور ذمہ دارانہ رویے کی تلقین کریں.سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اپنے وطن کی قدر، اس کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ امن، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور ہمیں اپنے وطن کی خدمت کا جذبہ قائم رکھنے کی توفیق دے انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ جشنِ آزادی بھرپور انداز میں منائیں اپنی فیملیز کے ساتھ خوشیاں بانٹیں تاہم قانون کی پاسداری اور دوسروں کے حقوق کا خیال ضرور رکھیں