اسلام آباد (پی پی اے) وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے غذائیت اور بچوں کی ابتدائی نشوونما کو قومی ہنگامی صورتحال اور مشن کے طور پر لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کی صحت غذائیت اور ابتدائی زندگی کے تجربات آئندہ دہائیوں میں پاکستان کے انسانی سرمائے اور قومی ترقی کا تعین کریں گے غذائیت اور بچوں کی ابتدائی نشوونما کے حوالے سے پالیسی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں شعبے ایک دوسرے سے گہرا تعلق رکھتے ہیں اور انہیں الگ الگ منصوبوں تک محدود کرکے حل نہیں کیا جاسکتا احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں کے دوران پاکستان میں تقریباً 40 فیصد بچے قد کی کم نشوونما سے متاثر ہوئے جو ایک سنگین قومی مسئلہ ہے اور اس کے لیے مربوط و مسلسل اقدامات ضروری ہیں انہوں نے کہا کہ یہ کسی ایک منصوبے کا معاملہ نہیں بلکہ قومی ہنگامی صورتحال اور قومی مشن کا تقاضا ہے کیونکہ بچوں کی غذائیت اور نشوونما ملک کی مستقبل کی صلاحیت پیداواری قوت اور قومی طاقت سے براہ راست منسلک ہے وفاقی وزیر نے کہا کہ ناقص غذائیت اور ابتدائی نشوونما کے کمزور مواقع بچوں کی جسمانی و ذہنی نشوونما تعلیمی نتائج اور مستقبل کی آمدن پر منفی اثرات مرتب کرسکتے ہیں بچے کی زندگی کے ابتدائی سال انتہائی اہم ہوتے ہیں اور اسی عرصے میں دماغ کی بڑی حد تک نشوونما ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت نے غذائیت بچوں کی قد کی کم نشوونما اور ابتدائی نشوونما کو اڑان پاکستان کے پانچ ایز فریم ورک کے تحت اہم چیلنجز میں شامل کیا ہے وزارت منصوبہ بندی صوبوں کے تعاون سے تحقیق اور سفارشات سے آگے بڑھ کر عملی اقدامات کی طرف جانے کے لیے کام کر رہی ہے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے پاس رپورٹس اور تحقیق کی کوئی کمی نہیں اصل چیلنج دستیاب معلومات کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنا ہے غذائیت کا تعلق زچہ کی صحت صاف پانی صفائی ستھرائی اور حفظان صحت سے بھی ہے انہوں نے کہا کہ بچے کی نشوونما پیدائش سے پہلے ہی شروع ہوجاتی ہے اس لیے حمل کے دوران ماں کی صحت اور غذائیت بنیادی اہمیت رکھتی ہے ابتدائی نشوونما کو صرف اسکول سے قبل تعلیم تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ اسے حمل سے شروع ہونے والا اور ابتدائی برسوں تک جاری رہنے والا عمل سمجھنا چاہیے وفاقی وزیر نے والدین کی تربیت اگاہی اور گھریلو ماحول کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بچوں کی بہتر نشوونما کے لیے ہمیشہ مہنگے وسائل یا جدید سہولیات ضروری نہیں باخبر والدین کم آمدنی والے گھرانوں میں بھی بچوں کو سیکھنے میل جول اور تخلیقی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرسکتے ہیں انہوں نے کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کے لیے مقامی سطح پر تیار کردہ تعلیمی مواد اور تخلیقی سرگرمیوں کی کٹس متعارف کرانے کی تجویز بھی دی احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کو سازگار ماحول بنیادی ڈھانچے اور ضروری سرمایہ کاری کے ذریعے ماؤں اور بچوں کی زندگیوں میں بہتری لانا ہوگی غذائیت اور بچوں کی ابتدائی نشوونما کو انسانی سرمائے پیداواری صلاحیت اور طویل مدتی قومی ترقی میں سرمایہ کاری کے طور پر دیکھنا ہوگا انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں مقامی برادریوں والدین اور ترقیاتی شراکت داروں پر زور دیا کہ اجتماعی کوششوں کے ذریعے ہر بچے کو مناسب غذائیت۔نگہداشت سیکھنے کے مواقع اور محفوظ ماحول فراہم کیا جائے