اسلام آباد (پی پی اے) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے کہا ہے کہ آزادی اپنے ساتھ اقدار کی پاسداری حقوق کے تحفظ اور ریاستی اداروں پر شہریوں کے اعتماد کو مضبوط بنانے کی مستقل ذمہ داری لاتی ہے یوم آزادی ہمیں اپنی قومی اور آئینی ذمہ داریوں کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے سپریم کورٹ آف پاکستان میں 79ویں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی سپریم کورٹ کے معزز ججز رجسٹرار، افسران عملے اور ان کے بچوں نے شرکت کی مساوات شمولیت اور مذہبی ہم آہنگی کے آئینی عزم کے اظہار کے طور پر قومی پرچم مشترکہ طور پر لہرایا گیا تقریب میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے بچوں، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز نے قومی پرچم لہرایا جبکہ ہندو پنڈت مسیحی پادری اور مسلم عالم دین بھی پرچم کشائی میں شریک ہوئے۔ پولیس بینڈ نے قومی ترانے کی دھن پیش کی چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے تقریب میں شریک بچوں سے شفقت سے ملاقات کی اور انہیں کورٹ روم نمبر ایک لے گئے جہاں انہیں سپریم کورٹ کے عدالتی ماحول سے روشناس کرایا گیا۔ بعد ازاں چیف جسٹس، سپریم کورٹ کے ججز اور بچوں نے یوم آزادی کا کیک بھی مشترکہ طور پر کاٹا۔
چیف جسٹس نے قوم اور قانونی برادری کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے قیام پاکستان کے لیے دی جانے والی قربانیوں اور اس کے پیچھے کارفرما وژن و عزم کو خراج تحسین پیش کیا۔
دریں اثناء سپریم کورٹ میں میڈیا کی رسائی، شفافیت اور عوامی رابطے کے فروغ کے لیے پریس روم کا افتتاح بھی کیا گیا پریس روم کا افتتاح چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز کی موجودگی میں صدر پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ عمران وسیم اور جنرل سیکرٹری امانت رضا گشکوری نے کیا پریس روم کے قیام کا مقصد عدالتی کارروائی اور ادارہ جاتی سرگرمیوں کی بروقت و مؤثر کوریج میں کورٹ رپورٹرز کو سہولت فراہم کرنا ہے نئی سہولت کے ذریعے کورٹ رپورٹرز کو مختص اور سازگار ورک اسپیس کے ساتھ عدالتی معلومات تک بہتر اور بروقت رسائی حاصل ہوگی سپریم کورٹ کے مطابق پریس روم کا قیام میڈیا کی رسائی اور ادارہ جاتی شفافیت بڑھانے کے لیے جاری اقدامات کا حصہ ہے۔ عدالت معلومات تک رسائی آزادی اظہار اور آزادی صحافت کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے جبکہ میڈیا کے ساتھ ادارہ جاتی روابط مضبوط بنا کر درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کو مزید مؤثر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے پریس ایسوسی ایشن کے ارکان نے کورٹ رپورٹرز کے لیے پریس روم کے قیام کو سراہتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ کے ججز اور عدالتی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا سپریم کورٹ کے مطابق پریس روم سے نظام انصاف کے بارے میں عوامی آگاہی اور فہم کو فروغ ملے گا اور عدالت و عوام کے درمیان ادارہ جاتی رابطہ مزید مضبوط ہوگا