اسٹیٹ بینک میں پرچم کشائی، معاشی استحکام کی پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار مہنگائی 7.1 فیصد، ترسیلات زر 41 ارب ڈالر سے تجاوز، زرمبادلہ ذخائر 18.4 ارب ڈالر ہوگئے

کراچی ( پی پی اے) پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کراچی میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے پرچم کشائی کی اس موقع پر انہوں نے معاشی استحکام کی سمت جاری پیش رفت اور اصلاحات کے تسلسل کی اہمیت کو اجاگر کیا
یوم آزادی کے موقع پر جاری پریس ریلیز کے مطابق گورنر اسٹیٹ بینک نے قیمتوں کے استحکام میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مالی سال 2026 میں اوسط مہنگائی 7.1 فیصد رہی۔ موجودہ زری پالیسی مہنگائی کو 5 سے 7 فیصد کے وسط مدتی ہدف کے اندر رکھنے کے لیے موزوں ہے اور اس سے معاشی سرگرمی، سرمایہ کاری اور روزگار کی تخلیق کے لیے مناسب گنجائش فراہم ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محتاط مالیاتی اور زری پالیسیوں سے بھی معاشی ترقی کو تقویت ملی جو مالی سال 2026 میں 3.7 فیصد رہی جبکہ مالی سال 2027 میں معاشی نمو 3.5 سے 4.5 فیصد کے درمیان رہنے کی توقع ہے یہ حوصلہ افزا امر ہے کہ معیشت استحکام کی مدت کے بعد پائیدار معاشی نمو کی سمت پیش رفت جاری رکھے ہوئے ہے بیرونی شعبے میں پیش رفت کا حوالہ دیتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے ریکارڈ ترسیلات زر کے ذریعے ملکی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے جو مالی سال 2026 میں 41 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں اور توقع ہے کہ مالی سال 2027 میں یہ 44 ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافے اور جاری کھاتے کے خسارے میں کمی کے باعث زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آرہی ہے جو مالی سال 2026 کے اختتام تک 18.4 ارب ڈالر تک پہنچ گئے، جبکہ مالی سال 2027 کے دوران ان کے 21 ارب ڈالر سے تجاوز کرنے کی توقع ہے گورنر اسٹیٹ بینک نے مالی نظام کو مضبوط اور جدید بنانے کے لیے گزشتہ ایک سال کے دوران کیے گئے اقدامات بھی اجاگر کیے انہوں نے کہا کہ پرزم پلس کا کامیاب آغاز ملک کے ادائیگیوں کے بنیادی ڈھانچے کو بین الاقوامی معیارات کے قریب لے آیا ہے جس سے بڑی مالیت کی ادائیگیوں اور چکائیوں کا عمل تیز محفوظ اور زیادہ مؤثر ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے اسٹیٹ بینک کے اقدامات کے نتیجے میں ڈیجیٹل ذرائع کے استعمال میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ ایک سال کے دوران خوردہ ڈیجیٹل لین دین کی تعداد تقریباً 10 ارب سے بڑھ کر 12 ارب ہوگئی ہے یہ اضافہ زیادہ دستاویزی شفاف اور مستعد معیشت کی جانب اہم قدم ہے مالی شمولیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے جمیل احمد نے کہا کہ اسٹیٹ بینک معاشرے کے تمام طبقات کو رسمی مالی نظام تک رسائی فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اس مقصد کے لیے عوام کو باسہولت محفوظ اور شفاف سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے انویسٹ پاک کا آغاز کیا گیا ہے انہوں نے اسلامی بینکاری گرین فنانسنگ سائبر سکیورٹی اور مالی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو بھی اجاگر کیا اور کہا کہ ان اقدامات کا مقصد پاکستان کے مالی نظام کو محفوظ مضبوط اور مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ رکھنا ہے گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ آزادی کے حقیقی جذبے کو برقرار رکھنے کے لیے معاشی خود انحصاری مضبوط ادارے قانون کی پاسداری اور قومی اتحاد کلیدی اہمیت رکھتے ہیں اگرچہ اسٹیٹ بینک نے گزشتہ برس نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں تاہم چیلنجز اب بھی موجود ہیں جن سے نمٹنے کے لیے مسلسل محنت عزم اور حوصلے کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ مستقبل میں اسٹیٹ بینک کی توجہ قیمتوں کے استحکام پالیسی اصلاحات.بلند پیداواریت برآمدات میں اضافے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے سازگار اقتصادی ماحول تشکیل دینے پر مرکوز رہے گی۔ یہ ترجیحات معاشی استحکام کو پائیدار ترقی میں تبدیل کرنے اور مضبوط و خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھنے کے لیے ضروری ہیں جمیل احمد نے اسٹیٹ بینک کے افسران اور ملازمین کی محنت، عزم اور پیشہ ورانہ لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال حاصل ہونے والی کامیابیاں ان کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہیں۔ تقریب کا اختتام اس عزم کے اعادے کے ساتھ ہوا کہ مرکزی بینک پائیدار اقتصادی ترقی مالی استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا

Comments (0)
Add Comment