تخت بھائی (پی پی اے) سرکاری سکولوں میں زیادہ سے زیادہ بچیوں کے داخلے کے لیے تخت بھائی میں گھر گھر داخلہ مہم کا انعقاد کیا گیا۔ مہم کی قیادت سب ڈویژنل ایجوکیشن آفیسر فیمیل میڈم انیلہ حجاب، سکول لیڈر عجمینہ اور دیگر خواتین اساتذہ نے کی۔ داخلہ مہم کے دوران تعلیمی ٹیم نے والدین سے ملاقاتیں کرکے انہیں اپنے بچوں کو قریبی سرکاری سکولوں میں داخل کرانے کی ترغیب دی۔ اس موقع پر اساتذہ نے کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی اور قانونی حق ہے، اس لیے کسی بھی بچے کو تعلیم سے محروم نہیں رکھا جانا چاہیے۔ سرکاری کولوں میں بچوں کو مفت داخلہ، مفت کتب اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ مہم کے دوران ایس ڈی ای او فیمیل میڈم انیلہ حجاب، سکول لیڈر عجمینہ اور دیگر خواتین اساتذہ نے ہاتھوں میں فلیکس، چارٹس اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر ’’ہر بچہ سکول میں‘‘، ’’سرکاری سکول، معیاری سکول‘‘ اور ’’پڑھو گے، بڑھو گے، کچھ بنو گے‘‘ سمیت تعلیم کے حق میں مختلف نعرے درج تھے۔ میڈم انیلہ حجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت محدود وسائل کے باوجود تعلیم کے شعبے پر خطیر رقم خرچ کر رہی ہے تاکہ کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ سرکاری سکولوں میں قابل، اعلیٰ تعلیم یافتہ اور تربیت یافتہ اساتذہ کی زیرنگرانی بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ بہترین تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ کھیلوں کے مواقع سمیت دیگر سہولیات بھی دستیاب ہیں۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو قریبی سرکاری سکولوں میں داخل کرائیں۔ انہوں نے معاشرے کے بااثر افراد، علمائے کرام اور منتخب بلدیاتی نمائندوں سے اپیل کی کہ گھر گھر داخلہ مہم کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ بعد ازاں ایس ڈی ای او فیمیل میڈم انیلہ حجاب نے مختلف سرکاری سکولوں کا دورہ کیا اور والدین سے ملاقات کرکے انہیں بچوں کو قریبی سکولوں میں داخل کرانے کی درخواست کی