راولپنڈی (پی پی اے) چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت اور ہمارے لیے ایک بڑی قومی ذمہ داری ہے۔ ہمیں اپنے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہے۔ علم، کردار، محنت اور نظم و ضبط کو اپنا شعار بنا کر نوجوان ملک کو ترقی کی نئی منزلوں سے ہمکنار کر سکتے ہیں۔ تعلیمی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ طلبہ کو معیاری تعلیم کے ساتھ حب الوطنی، قومی ذمہ داری اور مثبت کردار کا شعور بھی دیں جشنِ آزادی کے موقع پر چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی پروفیسر ڈاکٹر اقبال محمود نے بورڈ کمپلیکس میں قومی پرچم لہرایا اور بعد ازاں یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا۔ اس موقع پر کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر اعوان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ تقریب میں پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی