اسلام آباد (پی پی اے) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ یومِ آزادی محض ایک تاریخ نہیں بلکہ ایمان آزادی خودمختاری اور قومی عزم کی علامت ہے پاکستان کے 79 ویں یومِ آزادی کے موقع پر کنونشن سینٹر میں قومی یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ دن قوم کو برصغیر کے مسلمانوں کی تاریخی جدوجہد کی یاد دلاتا ہے
تقریب میں وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری دیگر اعلیٰ حکام عوام طلبہ اور فنکاروں نے شرکت کی۔ طلبہ اور فنکاروں نے ملی نغمے پیش کیے سید یوسف رضا گیلانی نے قائداعظم محمد علی جناحؒ اور تحریک پاکستان کے دوران جانیں قربان کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا انہوں نے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کو اپنی بہادر مسلح افواج پر فخر ہے اور ملک کے دفاع میں پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خواتین ملکی ترقی میں کلیدی قوت ہیں، انہیں تعلیم صحت روزگار اور معاشی طور پر بااختیار بنانے کے لیے یکساں مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا سب سے قیمتی اثاثہ اور مستقبل قرار دیتے ہوئے سائنس ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعلیم، مہارت اور مواقع فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا
انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کے لیے قومی اتحاد، قانون کی حکمرانی میرٹ اور انصاف ضروری ہیں قومی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے صنعت زراعت برآمدات اور جدید ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری جبکہ پائیدار ترقی کے لیے تعلیم صحت روزگار اور کاروبار کے مواقع میں اضافہ ضروری ہے
سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان محض زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ایک نظریہ اور قومی عزم ہے قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے جبکہ کمزور طبقات کا تحفظ اور اقلیتوں کے حقوق کا احترام بھی یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ پنجاب سندھ.خیبرپختونخوا بلوچستان گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر پاکستان کے اتحاد کے رنگ ہیں ملک کی متنوع زبانیں، ثقافتیں اور روایات کمزوری نہیں بلکہ قومی طاقت ہیں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون اور باہمی احترام پر مبنی پرامن تعلقات چاہتا ہے اور جنگ کے بجائے مذاکرات تعاون اور سفارت کاری کو ترجیح دیتا ہے انہوں نے مکہ دفاعی معاہدے کو پاکستان کے لیے اہم سفارتی اور تزویراتی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقائی تعاون اعتماد سازی اور اجتماعی سلامتی کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی اور دفاعی کامیابیاں سیاسی و عسکری قیادت کے وژن کا نتیجہ ہیں اور پاکستان صدر مملکت آصف علی زرداری وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں آگے بڑھ رہا ہے سید یوسف رضا گیلانی نے کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے انصاف آزادی اور خودمختاری کی حمایت جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ قوم پاکستان کو مضبوط خوشحال پرامن.جمہوری اور باوقار ملک بنانے کے لیے پرعزم ہے قومی مفادات کو ذاتی اور سیاسی اختلافات سے بالاتر رکھا جائے اور ملک کی ترقی کے سفر کو جاری رکھتے ہوئے آئین اور جمہوری اداروں کو مضبوط بنایا جائے چیئرمین سینیٹ نے قوم پر زور دیا کہ قائداعظمؒ کے ایمان اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں کو قومی زندگی کے لیے عملی رہنما اصول بنایا جائے انہوں نے اپنے خطاب کا اختتام پاکستان کے استحکام خوشحالی امن اور ترقی کے لیے دعا سے کیا تقریب کے اختتام پر چیئرمین سینیٹ نے طلبہ اور فنکاروں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں