اسلام آباد کے 27 تھانوں کو 14 سال بعد 30 نئی گاڑیاں فراہم نئی گاڑیوں سے اسلام آباد پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر، جدید پولیسنگ مزید مؤثر ہوگی

اسلام آباد. (پی پی اے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے اسلام آباد پولیس کے 27 تھانوں کے لیے 30 نئی گاڑیاں فراہم کرتے ہوئے ان کی چابیاں پولیس حکام کے حوالے کردیں تقریب میں وفاقی سیکرٹری داخلہ آئی جی اسلام آباد پولیس اور اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ناکارہ گاڑیوں کے ساتھ جدید پولیسنگ کا تصور ناممکن ہے، وقت کے مطابق پولیس کی ضروریات پوری کرکے ہی مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ نئی گاڑیوں سے پولیس کا رسپانس ٹائم بہتر ہوگا اور عوام کی حفاظت و سیکیورٹی یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کو تمام ضروری وسائل فراہم کیے جارہے ہیں جبکہ دارالحکومت کے تمام تھانوں کی تعمیر و اپ گریڈیشن پر بھی کام جاری ہے، جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔ الیکٹرک گاڑیوں کا استعمال ماحول دوست پالیسی کا حصہ ہے اور اس سے پٹرولیم اخراجات میں نمایاں کمی ہوگی۔ وزیر مملکت طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کے پاس 14 سال سے پرانی گاڑیاں تھیں، اب 27 تھانوں کو نئی گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ اسلام آباد پاکستان کا دارالحکومت ہے اور یہیں سے دنیا میں پاکستان کا تاثر جاتا ہے، اس لیے پولیس کو جدید سہولیات کی فراہمی ضروری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس افسران کو لاجسٹکس فراہم کرنے کے ساتھ ان کے لیے گھروں کی تعمیر بھی کی جارہی ہے۔ تمام 27 تھانوں کی تعمیر و بحالی کا کام جاری ہے اور رواں سال تمام تھانوں پر تعمیراتی کام مکمل کرلیا جائے گا۔ طلال چوہدری نے کہا کہ نفری کی کمی پوری کرنے کے لیے 9 ہزار نئے جوان بھرتی کیے جارہے ہیں، جن کی بھرتی میں میرٹ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ ان تمام اقدامات سے اسلام آباد پولیس کو پورے ملک کے لیے ماڈل پولیس بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی گزشتہ دو سال کے دوران آئی ہے

Comments (0)
Add Comment